گلمرگ// ضلع ترقیاتی کمشنر منگا شیرپا نے افسران کی ٹیم کے ہمراہ آج گلمرگ کا دورہ کیا اور کھیلو اِنڈیا نیشنل وِنٹر گیمز 2024 کے چوتھے ایڈیشن کے کامیاب اِنعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے موجود سہولیات کا فیلڈ معائینہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ اور ان کی ٹیم نے ایک جامع فیلڈ معائین ہ کرتے ہوئے موجودہ خراب موسمی حالات کا بغور جائزہ لینے کے لئے سڑک کے رابطے، رہائشی سہولیات، سکی ڈھلوانوں، طبی خدمات، بجلی، پارکنگ سہولیات اوردیگر سہولیات کا جائزہ لیاجو قومی ایونٹ کی کامیابی کے لئے اہم ہیں۔اُنہوں نے تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے گلمرگ کی پروقار ایونٹ کی میزبانی کے لئے تیار ہونے پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑا ہے کہ گلمرگ میں کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز کے ہر پہلو کو چیلیجنگ موسمی حالات کے باوجود احتیاط سے منصوبہ بندی اور عمل میں لایا جائے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ دورے کا مقصد کھلاڑیوں، سیاحوں اور دیگر مہمانوں کو عالمی معیار کا تجربہ فراہم کرنا اور خطے میں سرمائی کھیلوں کی خوبصورتی اور صلاحیت کو ظاہر کرنا ہے۔دریں اثنا، اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی کہ گلمرگ جانے والی سڑکوں سے برف ہٹانے، بلاتعطل بجلی کی سپلائی اور خراب موسمی حالات کے پیش نظر دیگر سہولیات کو یقینی بنائیں۔منگا شیرپا نے ڈرائیوروں سے سختی سے تاکید کی کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور خراب موسمی حالات میں پھسلن والی پہاڑی سڑکوں پر سفر کرتے ہوئے تمام ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔کھیلو اِنڈیا وِنٹر گیمز گلمرگ جو 21 ؍فروری سے شروع ہونے والے ہیں، ٹیلنٹ، سپورٹس مین شپ اور دوستی کا جشن ہونے کا وعدہ کرتا ہے۔ پانچ دن کے دوران مختلف گیمز میں 650 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔اِس سے قبل منگا شیرپا نے ہر سہولیت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی اور تمام شراکت داروں کو چوکس مؤقف برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایونٹ کے کامیاب اِنعقاد کے لئے اپنی اِجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔










