سرینگر//وی او آئی//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کھڈونی علاقے میں جمعہ کی شام اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دو رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ حکام کے مطابق آگ لگنے سے گنجان آبادی والے علاقے میں گھبراہٹ پھیل گئی اور شعلے تیزی سے مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے گئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور کولگام پولیس، ایس ایچ او قایموہ کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو دیگر مکانوں تک پھیلنے سے روک دیا گیا اور ایک بڑے سانحے سے بچاو ممکن ہوا۔ حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے اور نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔










