کپواڑہ//ضلع کپواڑہ کے تمام چھ اسمبلی حلقوں کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم) کی دوسری رینڈمائزیشن آج عام الیکشن اوبزروروں ، اُمیدواروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ جنرل اوبزرور ترہگام کپواڑہ پی ہیما لتھا ، جنرل اوبزرور ہندواڑہ، پنکج کے پانڈے، جنرل اوبزرور کرناہ پرکاش بندو، جنرل اوبزرور لولاب شیوانگ گیاچھو بھوٹیا اورضلع چنائو آفیسر آیوشی سوڈن کی نگرانی میںرینڈمائزیشن کے دوسرے مرحلے کے تحت الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) کے مقررہ رہنما خطوط کے مطابق ایک مخصوص آن لائن سافٹ ویئر جے کے اِی ڈِی آئی ایس کے ذریعے چھ اسمبلی حلقوں کے تمام پولنگ سٹیشنوں کو اِی وِی ایم الاٹ کی گئیں۔دوسرے رینڈمائزیشن میں کرناہ، ترہگام، کپواڑہ، لولاب، ہندواڑہ اور لنگیٹ اسمبلی حلقوں سمیت تمام چھ اسمبلی حلقوں کے پولنگ سٹیشنوں کے لئے بیلٹ یونٹوں، کنٹرول یونٹوں اور وِی وِی پی اے ٹی سمیت اِی وِی ایم مختص کئے گئے۔اس کے بعد جنرل اوبزروروں، ریٹرننگ افسران اور امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے درمیان ایک بات چیت بھی ہوئی تاکہ اِنتخابی عمل سے متعلق تمام شکوک و شبہات کو دور کیا جا سکے۔اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع کے تمام چھ اسمبلی حلقوں میں پرامن، منصفانہ اور پُرامن اِنتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے مطابق تمام شرائط پوری کی جارہی ہیں۔ضلع چنائو آفیسر نے کہا کہ 85 برس سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان اورجسمانی طور خاص اَفراد (پی ڈبلیو ڈی) کو 40 فیصد معیار کے ساتھ سہولیت فراہم کرنے کے لئے 23، 24 اور 25 ؍ستمبر کو ہوم ووٹنگ کا اِنعقاد کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں اور پی ڈبلیو ڈی ووٹروں کی سہولیت کے لئے ہوم ووٹنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ انہی تاریخوں پر 23، 24 اور 25 ؍ستمبر کو پوسٹل بیلٹ ووٹنگ بھی ہوگی جہاں سروس ووٹروں، اِنتخابی فرائض پر مامور ملازمین اور ضروری خدمات کے فرائض انجام دینے والے ملازمین اَپنا حق رائے دہی اِستعمال کرسکیں گے۔میٹنگ میں آر اوز، ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کپواڑہ، ڈِسٹرکٹ انفارمیٹکس آفیسر (این آئی سی)، اُمیدوار، ان کے ایجنٹ اور دیگر متعلقہ اَفراد موجود تھے۔
