پولیس کی منشیات مخالف مہم بڑے پیما نے پر جاری

کپوارہ پولیس کی ناکہ چیکنگ کے دوران کارروائی

ملزمان کیخلاف کیس درج ،پوچھ تاچھ شروع،مزید گرفتاریاں متوقع

کپوارہ//جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی ضلع کپوارہ کے ہائی گام علاقے میں 3منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے37 گرام براؤن شوگر بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا۔جے کے این ایس کے مطابق ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کپوارہ پولیس نے ہائی گام علاقے میں شارٹھ پورہ کراسنگ پر ایک ناکہ چیکنگ کے دوران3 منشیات اسمگلروں کو دھر لیا۔بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت ماجد رحمان ولد عبدالرحمان خان ساکن گنڈسنہ ہائی گام، نثار احمد میر ولد ضیا میر ساکن کانٹھ پورہ اور عطا محمد خان ولد جہانگیر خان ساکن ہلمت پورہ ہائی گام کے بطور کی گئی ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے 37 گرام براؤن شوگر جیسا مواد بھی بر آمد کیا گیا۔پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کپوارہ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔دریں اثنا پولیس نے منشیات کی بدعت کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے عوام سے تعاون فراہم کرنے کی اپیل دہرائی ہے۔