جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح۔ لفٹینٹ گورنر
جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے منگل کو کٹھوعہ اور سانبہ کا دورہ کیا اور حالیہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کیلئے 449 نئے گھروں کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ کٹھوعہ میں مکمل طور پر تباہ ہونے والے 344 مکانات کی تعمیر 34 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی ۔ سانبہ میں حالیہ طغیانیوں کے دوران متاثر ہونے والے 105 مکانات کو 10.50 کروڑ روپے کی لاگت سے دوبارہ تعمیر کیا جائے گا ۔ ان تین بیڈ روم والے مکانات کی تعمیر کا خرچ ایک این جی او ’’ ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( ایچ آر ڈی ایس انڈیا ) ‘‘ برداشت کرے گی ، جو گھر کے مالکان کیلئے جدید سہولیات کو یقینی بنائے گی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے ایچ آر ڈی ایس انڈیا کو اس عظیم الشان کاوش اور جموں و کشمیر یو ٹی انتظامیہ کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کیلئے باعزت اور محفوظ رہائش کو یقینی بنانے میں تعاون پر سراہا ۔ انہوں نے کہا ’’ اتحاد ہی طاقت ہے ۔ اجتماعی عمل سے وہ چیلنجز بھی سرت کئے جا سکتے ہیں جو ناقابل تسخیر نظر آتے ہیں اور ہم نے رواں سال اگست میں آنے والے بحران کے دوران اسی جذبے کا مشاہدہ کیا ۔ جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ہم ان کی خدمت کیلئے پرعزم ہیں اور ان کے تمام خوابوں کو پورا کریں گے ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایچ آر ڈی ایس انڈیا کی مدد سے متاثرہ خاندانوں کیلئے نئے گھروں کی تعمیر کا یہ منصوبہ عوام سے کئے گئے ہمارے وعدوں اور جموں و کشمیر کی جامع ترقی کے عزم کو دوہراتا ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ اگر کوئی حقیقی مستحق رہ گیا ہو تو اسے ضرور شامل کیا جائے ۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 1500 جدید طرز کی تین بیڈ روم والی پری فیبریکیٹڈ ’’ سمارٹ ہاؤسز‘‘ کی تعمیر کی جائے گی ۔ جدید زندگی اور کارکردگی کیلئے ڈیزائن کئے گئے یہ ٹیکنالوجیکل طور پر جدید گھر مستقبل کے موسمیاتی چیلنجوں کے خلاف بہتر مزاحمت فراہم کرتے ہیں اور ان میں باڑ کی دیواریں اور گائے کے باڑے جیسی سہولیات بھی شامل ہیں ۔ بنیاد کے کام کے آغاز سے چھ ماہ کے اندر ان گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کا شیڈول ہے ۔ ایچ آر ڈی ایس انڈیا تمام خاندانوں کیلئے اگلے 15 سال تک مفت لائف انشورنس کوریج اور تمام افراد کیلئے ہر سال مفت صحت چیک اپ فراہم کرے گا ۔ این جی او اگلے پانچ سال تک گھروں کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی برداشت کرے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے 2019 کے بعد کٹھوعہ ، سانبہ اور جموں و کشمیر کے مختلف شعبوں میں تیزی سے ہونے والی تبدیلی پر بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ اور سانبہ میں ہر شہری کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے مخلصانہ کوششیں کی گئی ہیں ۔ انہوں نے شہریوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ ترقی کی موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے اور ترقی کے ثمرات کو آخری شخص تک پہنچانے میں اپنی ذمہ داری نبھائیں ۔ کٹھوعہ کے دورے کے دوران لفٹینٹ گورنر نے نوجوانوں کیلئے انڈور سپورٹس سٹیڈیم کا افتتاح کیا اور اسے نوجوانوں کیلئے وقف کیا ۔ اس موقع پر صدر ایچ آر ڈی ایس انڈیا سوامی آتما نمبی ، چئیر مین ڈی ڈی سی کٹھوعہ کرنل مہان سنگھ ( ریٹائیرڈ ) ، چئیر مین ڈی ڈی سی سانبہ مسٹر کیشو دت شرما ، ارکان اسمبلی ، چیف سیکرٹری ، ڈی جی پی ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈی آئی جی جموں ۔ سانبہ ۔ کٹھوعہ رینج ، ڈپٹی کمشنر سانبہ ، ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ ، ایچ آر ڈی ایس انڈیا کے ارکان ، پولیس و سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ، معزز شہری اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔










