حساس علاقوں میں اضافی فورس تعینات، انٹیلیجنس نظام مزید مضبوط بنانے پر زور
سرینگر//وی او آئی//جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع کٹھوعہ اور سانبہ میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر نے بدھ کے روز حکام کو ہدایت دی کہ وہ غیر معمولی چوکس رہیں اور حساس علاقوں میں اضافی فورس تعینات کریں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں-سانبہ-کٹھوعہ رینج، شیو کمار شرما نے ایس ایس پی کٹھوعہ محیتا شرما اور ایس ایس پی سانبہ ورندر منہاس کے ہمراہ ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ یہ دورہ اْدھمپور کے سوان علاقے میں حالیہ دہشت گردانہ جھڑپ کے بعد کیا گیا، جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔ ڈی آئی جی نے امن و امان قائم رکھنے اور مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے فورسز کی تعیناتی کا جائزہ لیتے ہوئے حساس اور کمزور علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے انٹیلیجنس معلومات کے تبادلے کو بروقت یقینی بنانے اور سکیورٹی چیکنگ و گشت کو مزید سخت کرنے پر زور دیا۔ ایس ایس پی کٹھوعہ نے انہیں بلاور علاقے کی موجودہ صورتحال اور امن و قانون قائم رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دورے کے دوران ڈی آئی جی نے فوجی حکام کے ساتھ مشترکہ اجلاس بھی منعقد کیا۔










