کووِڈ19-پر قابوپانے کیلئے ویکسین مؤثر اور واحد ہتھیار: ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام

کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے کہا ہے کہ کووِڈ۔19پر قابو پانے کے لئے ویکسین ایک مؤثر اور واحد ہتھیار ہے اور عوام الناس کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے جلد از جلد لگانے کی اپیل کی۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام نے آج میڈیا اَفراد کو ضلع میں کووِڈ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں کووِڈصورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور اِس وقت ضلع میں صرف 260 مثبت معاملات سرگرم ہیںاور یہاں کووِڈ ہسپتال میں صرف 9 مثبت مریض داخل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ٹیکہ کاری مہم شد و مد سے جاری ہے اور 44برس عمر سے زیادہ عمر کے 87 فیصدآبادی کو کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ انفیکشن والے اَفراد کا پتہ لگانے کے لئے جارحانہ جانچ کی جارہی ہے اور یومیہ بنیاد پر قریباً 2000ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ ڈی سی نے کہا کہ صحتیابی کی شرح میں نمایاں بہتری آئی ہے اور شفایابی کی شرح98 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کووِڈ کیئر ہسپتال میں آکسیجن معاون بیڈ 120 ہیں اور اِس کے علاوہ تمام پنچایتوں میں کووِڈ کیئر سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے تمام شراکت داروں اور عوام الناس پر زور دیا کہ وہ اَن لاک کے دوران کووِڈ ۔19 کے مناسب طرزِ زندگی پر عمل پیرا رہیں تاکہ انفیکشن کومزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔