کووِڈ ۔19 کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے سی اے بی اور ٹیکہ کاری لازمی

گاندربل / /ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا نے کہا کہ ضلع میں کووِڈ۔19 وَبائی بیماری کی روکتھام کے لئے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) اور ٹیکہ کاری لازمی ہے ۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے آج میڈیا اَفراد کو ضلع میں موجودہ کووِڈ منظر نامے اور تخفیفی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر مثبت معاملات کی شرح صرف 0.38 فیصد رہ گئی ہے اور ضلع میں اَب صرف 39 مثبت معاملات سرگرم ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ویکسی نیشن کے بارے میں کہا کہ 45برس سے زیادہ عمر کے اَفراد کووِڈ۔19حفاظتی ٹیکے کا دوسرا ڈوز لگانے میں بہت زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو ایک مثبت علامت ہے جبکہ بار بار درخواستیں کرنے پر نوجوان پود ابھی بھی اِس ویکسی نیشن کے لئے ہچکچاہٹ کا شکا رہے ۔اُنہوں نے ایک بار پھر 18برس عمر سے 44برس تک عمر کے لوگوں سے اپیل کہ وہ قریبی ویکسی نیشن مرکز پر جاکر کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں تمام کووِڈ ٹیکہ کاری مراکز 94مقامات پر فعال ہیں۔حالیہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے عوام الناس بالخصوص بالائی جگہوں پر رہنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محتاط رہیں اور جب تک موسم بہتر نہ ہو تب تک ڈھلانوں ، پہاڑی علاقوں یا سیلاب / لینڈ سلائیڈنگ علاقوں میں سفر نہ کریں۔