سرینگر// سرینگر کے بعد کولگام کے چھمرعلاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین تصادم آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ طرفین کے مابین گولی باری کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ۔پولیس نے جھڑپ میں تین جنگجوئوںکی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں جنگجوئوں سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے چمر علاقہ میں دو سے تین جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے مشتر کہ طور بدھ کے دوپہر علاقے کو محاصرے میںلیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں دو بددو جھڑپ شروع ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران فورسز کی اضافی کمک علاقے کی جانب روانہ کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کر دیا اور جنگجوئوںکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دئے گئے ۔ذرائع کے مطابق ابتدائی جھڑپ کے ساتھ ہی علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ ہواور علاقے کو مکمل طور پر سیل کیا گیا تاکہ جنگجو ئوں کو فرار ہونے کا موقعہ نہ ملا ۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں خوف و ہر اس کا ماحول پھیل گیا جبکہ فائرنگ کے ساتھ ہی تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا اور محصور جنگجوئوںکے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے میںکچھ دیر تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہنے کے بعد جونہی علاقے میں گولی باری کا تبادلہ تھم گیا تو جھڑپ کے مقام سے دو جنگجوئوں کی نعشیںبر آمد ہوئی جن کی اگر چہ فوری طورپر شناخت نہ ہو سکی تاہم مقامی ذرائع کے مطابق دونوں جنگجو عسکری تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ ہے ۔اسی دوران کچھ وقفے کے بعد باغات میںپھر سے گولی با ری کا تبادلہ ہوا جس دوران دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ طرفین کے مابین گولی باری میں ایک اور جنگجو جاں بحق ہو گیا اورا س طرح سے جھڑپ میںتین جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فورسز نے جنگجوئوں کے چھپے ہونے کے بارے میں ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعدچمر علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور انہوں نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔جس کے ساتھ ہی علاقے میں جھڑپ شروع ہوئی ۔ پولیس کے مطابق گولیوں کے اس تبادلے میں تین عدم شناخت عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے۔جبکہ دو فوجی اہلکار بھی زخمی ہو ئے ۔ پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جنگجو مخالف آپریشن ابھی جاری ہے۔










