power current

کولگام میں سمارٹ میٹرکی مرمت کے دوران 19 سالہ مزدور کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل

سرینگر /کے پی ایس // شمالی کشمیر کے ہندواڑہ سے تعلق رکھنے والا ایک 19 سالہ مزدور منگل کو کولگام ضلع کے یاری پورہ علاقے میں سمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام کرتے ہوئے بجلی کا جھٹکا لگنے سے فوت ہوگیا۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ اطلاعات کے مطابق سمارٹ میٹر کی مرمت کے دوران مزدور موقعہ پر ہی جاں بحق ہوا ہے ۔ متوفی کی شناخت صادق احمد بڈھانہ ولد بشیر احمد بڈھانہ ساکنہ مولابل، ہندواڑہ کے طور پر کی گئی ہے، جو کولگام میں سمارٹ میٹر ٹھیک کرنے میں مصروف ایک پرائیویٹ کمپنی ‘راہل کیبلز’ میں ملازم تھا۔ کام کے دوران، وہ ایک ترسیلی لائن کی زد میں آگیا اور اسے ایک جان لیوا جھٹکا لگا۔اسے ابتدائی طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا اور بعد میں اسے SKIMS سورا ریفر کیا گیا۔ سکمز کے ڈاکٹروں نے اسے پہنچنے پر مردہ قرار دیا۔اس واقعے نے ایک بار پھر وادی کے مختلف حصوں میں جاری سمارٹ میٹر کی تنصیب کے کاموں سے متعلق حفاظتی خدشات کو اجاگر کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے حکام اور پرائیویٹ کنٹریکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ خطرہ والے برقی کاموں میں مصروف مزدوروں کے لیے مناسب حفاظتی سامان اور پروٹوکول کو یقینی بنائیں۔پولیس نے اس واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔