کولگام میں خونخوار ریچھ کا شہر ی پر حملہ ، زخمی حالات میں صورہ سرینگر منتقل

کولگام میں خونخوار ریچھ کا شہر ی پر حملہ ، زخمی حالات میں صورہ سرینگر منتقل

جنگلی جانوروں کے بڑھتے حملوں کے باعث مقامی آبادی پریشان حال

سرینگر/ سی این آئی // جنوبی ضلع کولگام کے مضافات میں خونخوار ریچھ نے باغ میں کام کرر ہے ایک شہری پر حملہ کرکے اس کو شدید طو رپر زخمی کردیا ۔ ادھر جنگلی جانوروں کی موجودگی کے باعث علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق کولگام ضلع کے چھتری پورہ گاؤں میں ریچھ کے حملے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔زخمی کی شناخت غلام محمد نیاکی ولد عبدالرحمن نیاکی ساکن چھتری پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ وہ معمول کے کام کیلئے اپنے باغ میں گیا ہوا تھا کہ جنگلی جانور نے اس پر حملہ کیا اور وہ اس حملے میں شدید زخمی ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ شہری کی چیخ و پکار سن کر مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور ریچھ کا پیچھا کرتے ہوئے اسے مزید نقصان سے بچا لیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ متاثرہ شخص کو جب باغ سے نکالا گیا تو وہ خون میں لت پت تھا۔انہیں فوری طور پر ضلع اسپتال کولگام منتقل کیا گیا۔ ان کے زخموں کی شدت کو دیکھتے ہوئے انہیں مزید علاج کیلئے سکمز صورہ منتقل کر دیا گیا۔وائلڈ لائف کے عہدیداروں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کئی حصوں میں ریچھوں کے دیکھنے اور حملوں میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ جانور خوراک کی تلاش میں انسانی بستیوں میں اترتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے حکام سے ایسے واقعات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر جنگلی جانوروں کے بڑھتے حملوں کے باعث مقامی لوگوں میں شدید تشویش کی لہر پائی جارہی ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنگلی جانوروں سے لوگوں کو بچانے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے ۔