dooran

کولگام میں حضرت سید حسن سمنانیؒکے آستانے میں چوری

مقامی افراد نے نشیلی ادویات کے عادی افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا

سرینگر/وی او آئی//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں حضرت سید حسن سمنانیؒ کے آستانہ عالیہ میں نصب چندہ باکس کو نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی میں توڑ کر اس میں موجود رقم لوٹ لی۔ اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا جب چوروں نے آستانے کے احاطے میں لگے ایک بڑے چندہ باکس کو زبردستی کھول کر اس میں موجود عقیدت مندوں کی دی ہوئی بھاری رقم اڑا لی۔ آستانے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں واضح طور پر دو نامعلوم افراد کو احاطے میں داخل ہو کر چندہ باکس لوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ایک مقامی شہری نے بتایا، ‘‘یہ عام چندہ باکس نہیں بلکہ ایک بڑا اور اہم چندہ باکس ہے جس میں ہمیشہ بڑی رقم جمع ہوتی ہے، کیونکہ لوگوں کو حضرت سمنانیؒ سے گہری عقیدت ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ حرکت اْن نشئی افراد نے کی ہے جو علاقے میں آسان پیسہ حاصل کرنے کے لیے گھومتے رہتے ہیں۔’’صبح سویرے جب عقیدت مند حسب معمول آستانے پر حاضری کے لیے پہنچے تو چندہ باکس کو ٹوٹا ہوا اور خالی دیکھ کر حیران اور افسردہ رہ گئے۔ کئی افراد نے اس واقعے کو صرف چوری ہی نہیں بلکہ ایک روحانی اور تاریخی مقام کی بے حرمتی قرار دیا۔پولیس نے واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے یقین دلایا کہ ملوث افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا، *‘‘ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہے ہیں اور جلد ہی چوروں کی شناخت ممکن ہو سکے گی۔’’ادھر مقامی مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے افراد نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے معاشرتی سطح پر چوکسی اپنانے کی اپیل کی اور انتظامیہ سے نشے کی لت اور اس سے جڑے جرائم کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی، جنہیں وہ ایسے واقعات کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہیں۔