بڈگام//ڈی سی بڈگام نے منگل کو ضلع کے بازاروں کا معائنہ کرکے وضع کی گئی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد پر جرمانہ عائد کیا۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع ترقیافی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے منگل کو ضلع کے مختلف بازاروں کا دورہ کرکے کورونا سے متعلق وضع کی گئی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ لیا۔ڈی سی بڈگام نے دورے کے دوران کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے وضع کردہ ایس او پیزیاگائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں، ڈرائیوروں پر جرمانہ عائد کیا۔اس دوران ڈی سی بڈگام نے کہاکہ کورونا وائرس کے خلاف ابھی جنگ جاری ہے اور کورونا کو شکست دینے اور اس موذی وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے گائڈ لائنز پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی جنگ میں مکمل کامیابی کیلئے ہمیں ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔شہباز مرزا نے دکانداروں اور ڈرائیوروں سمیت سبھی افراد کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین کی، انہوں نے کہاکہ گائڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔










