کوروناکی ممکنہ تیسری لہرکی بازگشت

50بستروں والے نجی کلینکوں اوراسپتالوں کوحکومت کی ہدایت

سری نگر//روناکی ممکنہ تیسری لہرکی بازگشت کے بیچ حکومت نے 50بستروں والے نجی کلینکوں اوراسپتالوں کے مالکان ومنتظمین کوہدایت دی ہے کہ وہ اپنے یہاں ’آکسیجن پلانٹ ‘قائم کریں ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیر کی حکومت نے منگل کے روز جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن یاحکمنامہ میں کہاہے کہ کوروناکی دوسری لہر کے دوران آکسیجن کی زیادہ ضرورت محسوس کی گئی ،اوراب جبکہ تیسری لہر کے امکانات اورخدشات ظاہر کئے جارہے ہیں تواس لہرسے پہلے ہی تیاریوں کوحتمی شکل دیکر مکمل کرنے کی ضرورت ہے ۔حکومت کی جاری کردہ نوٹیفکیشن میں جموں وکشمیرکی حدودمیں قائم 50بستروں پرمشتمل نجی کلینکوں اوراسپتالوں کے منتظمین کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں مریضوں کی ضرورت کومدنظر رکھتے ہوئے مناسب صلاحیت والے آکسیجن پلانٹس قائم کریں ،تاکہ کوروناکی ممکنہ تیسری لہر آنے کی صورت میں پیداہونے والی صورتحال کامقابلہ کیاجاسکے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت وطبی تعلیم اتل ڈلوکی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کلینکل ایسٹیبلشمنٹ (رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن)ایکٹ2020کے سیکشن 12کے سیکشن2کے کلاز(سی) کاحوالہ دیتے ہوئے 50بستروں پرمشتمل نجی کلینکوں اوراسپتالوں کے مالکان سے تاکیدکی گئی ہے کہ وہ اپنے یہاں جلدسے جلد آکسیجن پلانٹ نصب کروائیں ۔خیال رہے حکومت کی جانب سے یہ ہدایات طبی ماہرین کے اُن خدشات کے بیچ جاری کی گئی ہیں کہ جن میں یہ اندیشہ ظاہرکیا جارہاہے کہ کورونا کی تیسری لہر آنے کاامکان ہے ،اوردوسری لہرکی طرح تیسری لہرکے دوران بھی کورونا مریضوں کوآکسیجن کی ضرورت پڑسکتی ہے ۔