ریاستی انتظامی کمیٹی جلدکرے گی اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ:ڈپٹی کمشنرسری نگر
سری نگر//ڈپٹی کمشنرسری نگر محمد اعجاز اسد نے بدھ کو کہا کہ ریاستی انتظامی کمیٹی جلد ہی اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔انہوںنے کہاکہ میں جملہ طلاب اور ان کے والدین سے درخواست کرنا چاہوں گا کہ 15سے18سال عمر کے بچوں ونوجوانوں کی ٹیکہ کاری ضرور کی جائے تاکہ ہم زیادہ یقین کے ساتھ سکول کھول سکیں۔سری نگر کی ایک لڑکی پر حالیہ تیزاب کے حملے کے بارے میں، ڈپٹی کمشنر سری نگرنے کہا کہ مادہ کی فروخت کو کنٹرول کرنے کی مہم جاری رہے گی، منگل کو غیر قانونی طور پر تیزاب فروخت کرنے والے 13 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے نامہ نگاروںکوبتایاکہ سبھی زیرتعلیم بچے بچیاں ویکسین لگوائیں تو اسکول دوبارہ کھولنے میں یقیناآسانی ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ اسکول کھولنے کاحتمی فیصلہ ریاستی انتظامی کمیٹی لے گی تاہم میری زیرتعلیم تمام طلباء وطالبات اور ان کے والدین سے درخواست ہے کہ15سے18سال عمر کے طلبہ میں ویکسی نیشن ضرور کی جائے تاکہ ہم زیادہ یقین کے ساتھ سکول کھول سکیں۔تاہم ڈپٹی کمشنر سری نگر نے کورونا وائرس کے کیسز کو صفر تک لانے کیلئے کووڈ19کے مناسب رویے کی سختی سے تعمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر اعجاز اسد نے نامہ نگاروںکوبتایاکہ گزشتہ چند دنوں سے، اگر آپ دیکھیں، کوروناکے یومیہ معاملات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اس کے لئے، میں سری نگر کے لوگوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ کووڈ 19کے مناسب برتاؤ (CAB) کی مکمل تعمیل کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اُمید تھی کہ روزانہ 4ہزار کیسز ہوں گے اور یہ تمام پیشین گوئیاں سری نگر کے لوگوں نے غلط ثابت کیں۔ڈپٹی کمشنرسری نگر محمد اعجاز اسد نے مزید کہا کہ سری نگرمیں رواں لہر کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ اضافہ 1700 تھا اور وہاں سے کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی اور اب آپ دیکھتے ہیں کہ یومیہ کیسز 100 کے قریب ہیں۔ڈی سی سری نگر نے کہا کہ کووڈ19 پر قابو پانے کیلئے کووڈ 19کے مناسب برتاؤ کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے اور اس میں مطمئن ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ ابھی تساہل پسندی یاجشن منانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کسی بھی موقع پر، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کیسز اب کم ہو رہے ہیں اور ہم ماسک پہننے کو ختم کر دیں گے۔ ڈپٹی کمشنرسری نگرکاکہناتھاکہ درحقیقت ہمیں کووڈ 19کے مناسب برتاؤ (CAB) کی سختی سے پیروی کرنی ہوگی کیونکہ صرف سری نگر میں تقریباً6000فعال معاملات ہیں۔ سری نگر کی ایک لڑکی پر حالیہ تیزاب کے حملے کے بارے میں، ڈپٹی کمشنر سری نگرنے کہا کہ مادہ کی فروخت کو کنٹرول کرنے کی مہم جاری رہے گی، منگل کو غیر قانونی طور پر تیزاب فروخت کرنے والے 13 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔










