کوالیفائر۔1بارش سے متاثر ہوا تو نتیجہ کیا ہوگا؟

کوالیفائر۔1بارش سے متاثر ہوا تو نتیجہ کیا ہوگا؟

نئی دہلی : مئی (ایجنسیز)۔ آئی پی ایل 2025 میں لیگ مرحلے کے میچز مکمل ہو چکے ہیں اب پلے آف میچز 29 مئی کو شروع ہوں گے۔ آئی پی ایل 2025کا کوالیفائرون رائل چیلنجرز بنگلور اور پنجاب کنگزکے درمیان موہالی کے ملن پور کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ ہائی وولٹیج میچ شائقین کرکٹ کے لیے جوش و خروش سے بھرپور ہوگا، کیونکہ دونوں ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں کریں گی لیکن سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اگر یہ میچ بارش یا کسی اور وجہ سے منسوخ ہو جاتا ہے تو کون سی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ یاد رہے کہ بی سی سی آئی نے پلے آف کے لیے خصوصی اصول بنائے ہیں۔آئی پی ایل کوالیفائر۔ون پلے آف کا پہلا بڑا مرحلہ ہے، جس میں لیگ مرحلے کی ٹاپ۔2 ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ اس میچ کی جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں داخل ہو جاتی ہے جبکہ ہارنے والی ٹیم کو کوالیفائر 2 میں ایک اور موقع ملتا ہے۔ آر سی بی اور پنجاب کنگز دونوں مضبوط ٹیمیں ہیں اور اس سیزن میں ان کی کارکردگی نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔ آر سی بی اپنی جارحانہ بیٹنگ اور متوازن بولنگ کے لیے جانا جاتا ہے، جبکہ پنجاب کنگزکی طاقت ان کی دھماکہ خیز بیٹنگ اور تجربہ کار بولنگ میں ہے۔لیکن آئی پی ایل جیسے بڑے ٹورنمنٹ میں موسم کی غیر یقینی صورتحال ہمیشہ ایک چیلنج رہی ہے۔ ساتھ ہی کوالیفائر1 میچ کے لیے کوئی محفوظ دن نہیں رکھا گیا ہے۔ اگر یہ میچ بارش، خراب موسم یا کسی اور وجہ سے منسوخ ہوتا ہے تو ایک ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی۔ اس صورت حال میں جو ٹیم لیگ مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے اسے فائدہ ملے گا اور اسے فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا۔