کنگن میں نوجوان پاور کنال میں غرقآب

سری نگر// وسطی ضلع گاندربل کے پاندچھ گاندربل کا 19سالہ نوجوان پاور کنال میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا ۔کے این ایس کو پولیس ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق وسطی ضلع گاندربل کا 19 سالہ نوجوان محمد سلیم خان ولد عبدالمجید خان ساکن فیضل آباد پاندچھ گاندربل اپنے دوستوں کے ہمراہ گزشتہ روز سیرو تفریح کے لئے سونہ مرگ گیا تھا جس کے بعد مذکورہ نوجوان اپنے دوستوں کے ہمراہ اپر سندھ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سمبل گنڈ کے پاور کنال اکو گنڈ میں نہانے کے دوران غرقآب ہوگیا۔ مقامی نوجوان کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ محمد سلیم گھر سے دوپہر کا کھانہ کھاکر اپنے دوستوں کے ہمراہ نکلا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کہاں جارہا ہے۔ ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنڈ میر عبدالرشید نے کے این ایس کو بتایا کہ غرقآب ہوئے نوجوانوں کے دوستوں کا کہنا ہے کہ محمد سلیم پارو کنال میں نہا رہا تھا جس کی وجہ سے وہ غرقآب ہوگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں پر مذکورہ نوجوان ڈوب گیا وہاں پر اس کے کپڑے برآمد ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ لاش کو پاور کنال فرا ہاکنار گنڈ سے برآمد کیا گیا ہے اور قانونی لوازمات پورا کرکے لواحقین کے حوالے کرکے زیر دفعہ 174 کے تحت تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔