dooran

کنڈ کولگام میں اسٹریٹ لائٹس بیکار

لوگوں کوپریشانی کا سامنا، متعلقہ محکمہ خاموش، مقامی لوگوں کا الزام

سرینگر// جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے کنڈ علاقے کے مکینوں نے منگل وار کو خراب اسٹریٹ لائٹس کی شکایت کی جس کی وجہ سے مسافروں اور راہگیروں کو خاص طور پر دیر کے اوقات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کنڈ ویلی کے مکینوں نے وائس آف انڈیا کے نمائندے غلام نبی کھانڈے کو بتایا کہ جیسے ہی شام ڈھلتی ہے پوری وادی کنڈ تاریکی میں ڈوب جاتی ہے کیونکہ مختلف جگہوں پر لگائی گئی اسٹریٹ لائٹس بیکار ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق باٹینگو، واری پورہ، نوبوک، والٹینگو، نگین پورہ، کرالو، رزلو اوریل، کانچلو اور دیگر علاقوں میں زیادہ تر اسٹریٹ لائٹس ڈی ڈی سی فنڈ کے تحت نصب ہونے کے فوراً بعد ناکارہ ہوگئیں، بدقسمتی سے اس وقت سے لے کر اب تک اسٹریٹ لائٹس کی مرمت نہیں کی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ’’یہ معاملہ پی ڈی ڈی محکمہ قاضی گنڈ کے عہدیداروں کے نوٹس میں کئی بار لایا گیا لیکن سب بے سود‘‘۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ شام کے اوقات میں پیدل چلنے سے ڈرتے ہیں اور اندھیرے میں آوارہ کتوں کے خوف کی وجہ سے عموماً شام کی نماز گھر پر پڑھنا پسند کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے اس معاملے کا نوٹس لینے اور ان کی حقیقی شکایات کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثناء جب اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ پی ڈی ڈی قاضی گنڈ محمد یوسف سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے وائس آف انڈیا کو بتایا کہ پچھلے مہینے میں کچھ لائٹس کی مرمت کی گئی ہے جو اب کام کر رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں دیگر ناکارہ لائٹس کو بھی فعال کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم توقع کر رہے ہیں کہ بہت جلد مزید سٹریٹ لائٹس لگ جائیں گی۔