اسمگلنگ اور دراندازی کے خدشات کے پیشِ نظر سیکورٹی فورسز الرٹ
سرینگر// یو این ایس// جموں و کشمیر میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیکورٹی فورسز نے نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ یہ اقدام سرحد پار اسمگلنگ کے متعدد واقعات کے بعد کیا گیا ہے، جنہوں نے سیکورٹی اداروں کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سرحدی سیکورٹی کو مضبوط بنانا اور تعطیلات کے دوران کسی بھی ممکنہ دراندازی یا جنگ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بنانا ہے۔یو این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے سرحدی علاقوں گریز، اوڑی، کرنہ، اور تنگدھار سمیت جموں خطے کے حساس علاقوں میں سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان علاقوں میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں اور جدید نگرانی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے۔آئی بی کے ساتھ ساتھ بارڈر سیکورٹی فورس کی جانب سے مسلسل گشت، ڈیجیٹل نگرانی اور دیگر احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے کہا کہ فورسز حساس سیکٹروں میں مکمل کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی سیکورٹی خطرے کا فوری جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔اس دوران بی ایس ایف نے ضلع سانبہ کے ریگل فارورڈ علاقے میں پاکستانی ڈرون کے ذریعے گرایا گیا اسلحہ و گولہ بارود کا ایک ذخیرہ برآمد کیا ہے۔ معمول کی نگرانی کے دوران ملنے والے اس پیکٹ میں دو پستول، تین میگزین، 16 کارتوس اور ایک گرینیڈ شامل تھا۔بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ یہ اسلحہ سرحدی علاقوں میں تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا، تاہم بروقت برآمدگی سے ایک بڑے سیکورٹی خطرے کو ٹال دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید بڑھا دی گئی ہے اور اضافی وسائل تعینات کیے گئے ہیں۔یو این ایس کے مطابق دریں اثنا، ایل او سی کے قریب اکھنور سیکٹر کے فارورڈ گاؤں کھارہ میں ایک مشتبہ کبوتر پکڑا گیا ہے۔ یہ ہلکے سرمئی رنگ کا کبوتر تھا، جس کے پیروں میں سرخ اور پیلے رنگ کے چھلے لگے ہوئے تھے، جن پر ‘‘رحمت سرکار’’ اور ‘‘رضوان 2025’’ درج تھا۔حکام کے مطابق کبوتر کے پروں پر بھی مہر لگی ہوئی تھی۔ یہ کبوتر ایک 13 سالہ مقامی لڑکے نے پکڑا، جس کے بعد اسے مزید تفتیش کے لیے پالن والا پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایک الگ کارروائی میں جموں پولیس نے آپریشن سنجیونی کے تحت نارکو ٹیرر نیٹ ورک کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے روہت کمار عرف مکھن کو 3 جنوری کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے آر ایس پورہ میں واقع مکان سے ایک پستول، میگزین اور زندہ کارتوس برآمد کیے۔حکام نے بتایا کہ تفتیش جاری ہے اور اسلحہ و منشیات کی سرحد پار اور بین الریاستی سپلائی سے متعلق روابط کی جانچ کی جا رہی ہے۔










