کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت نے بانڈی پورہ کا دورہ کیا

چیوا میں اون ، ٹویڈ کلسٹر اور قائم ہونے والی اِنڈسٹریل اسٹیٹ کا جائزہ لیا

بانڈی پورہ// کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ نے آج بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور عالمی بینک کے مالی اعانت سے چلنے والے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) کے تحت قائم کردہ اون اور ٹویڈ کلسٹر کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ چیوا سمبل میں قائم ہونے وا لی نئی اِنڈسٹریل اسٹیٹ کا بھی معائینہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ اِندو کنول چِب اور ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم مسرت الاسلام بھی تھے۔ اُنہوں نے بانڈی پورہ ویورز پروڈیوسر کمپنی کا اَز خود جائزہ لیااور کاریگروں و بْنکروں سے بات چیت کی اور کمپنی کے لئے مارکیٹنگ روابط قائم کرنے کی ہدایت دی۔ بتایا گیا کہ بانڈی پورہ میں تیار کی جانے والی اون اور ٹویڈ کی مانگ نہ صرف بھارت بلکہ بیرونِ ملک میں بھی کافی زیادہ ہے۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ بنیاد ی ڈھانچے اور ترقی میں موجود کمیوں کو نیشنل ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت دور کیا جائے گا جو مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کا ایک ہمہ گیر منصوبہ ہے۔ یہ پروگرام کاریگروں اور بْنکروں کو انفراسٹرکچر، ہنر کی ترقی، ڈیزائن، مارکیٹنگ، خام مال اور مالی اِمداد جیسے شعبوں میں مکمل سہولیت فراہم کرتا ہے۔وکرم جیت سنگھ نے کاریگروں کی طرف سے کئے جارہے کام کی سراہنا کی اور کلسٹر کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے محکمہ صنعت وحرفت اور ڈِسٹرکٹ اِنڈسٹریز سینٹر (ڈِی آئی سی) بانڈی پورہ کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پیداوار بڑھانے، معیار بہتر بنانے اور مارکیٹنگ کے مؤثر روابط قائم کرنے کے لئے مکمل تعاون فراہم کریں۔بعد ازاں، کمشنر سیکرٹری نے چیوا سمبل میں قائم ہونے والی نئی اِنڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور اس کے قیام سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اِس موقعہ پر اُن کے ہمراہ جنرل منیجر ڈی آئی سی بانڈی پورہ سمیراحمد جان اور فنکشنل منیجر عبدالرؤف گلکار بھی تھے۔یہ دورہ حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ کاریگروں کو بااختیار بنانے، صنعتی بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے، روایتی ہنر کی حفاظت کرنے اور بانڈی پورہ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔