کولگام//کمشنر سیکرٹری ریونیو وِجے کمار بدھوری جو کہ کولگام ضلع کے اِنچارج سیکرٹری بھی ہیں، نے آج کولگام کا دورہ کیا اور ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اُنہوں نے چمبا گنڈ کولگام پُل کا معائینہ کیا اور ا،س پُل کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر سیکرٹری ریونیو کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلاک محی الدین بٹ ، اے ڈی سی شوکت احمد راتھر اور دیگر اَفسران بھی تھے۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری کو جانکاری د ی گئی کہ پُل آر اینڈ بی کے زیر تکمیل ہے اور پُل پر 75 فیصد فزیکل ورک پہلے مکمل ہوچکا ہے اور پُل کی تخمینہ لاگت 32.40کروڑ روپے ہے۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ جون 2022ء کی مقررہ ٹائم لائن کے اَندر پُل کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے مشہور سیاحتی مقام اہرہ بل کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں سیاحوں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اُنہیں اہرہ بل کو ہر موسم میں سیاحتی مقام بنانے کے لئے اِس جگہ کے نئے ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن پلان کے بارے میںمعلومات فراہم کیں۔بعد میں کمشنر سیکرٹری نے محکمہ ریونیو میٹنگ کی صدارت کی اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِس ماہ کی 20تاریخ تک زیر اِلتوأ جمع بندیوں کو مکمل کریں ۔ اُنہوں نے ضلع تجاوزات ہٹانے میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے تمام ریاستی اور کاہچرائی اراضی سے تجاوزارت ہٹانے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں اے سی آر ، ایس ڈی ایم نور آباد ، تحصیل دار اور دیگر اَفسران نے شرکت کی۔اِس سے قبل کمشنر سیکرٹری نے شاہو گائوں کا دورہ کیا اور محمودہ اختر اور ان کے اہل خانہ سے ان کے گھر پر ملاقات کی جنہوں نے سٹیپل ایمبرائیڈری کرافت میں یوٹی لیول کا تیسرا اَنعام جیتا ہے۔ کمشنر سیکرٹری موصوف غلام علی شیخ کے گھر بھی گئے جنہوں نے قالینوں کے دست کاری کے شاندار ڈیزائن کے لئے کئی ایوارڈ جیتے ہیں۔اُنہوں نے بسمہ جان سے بھی بات چیت کی اور ان کے خاکے اورمصوری کے فن کو سراہا۔اُنہوں نے کاریگر فیاض احمد کی بھی عیادت کی اور پیپر ماشی آرٹ میں ان کے کام کو سراہا۔










