کمال مولا مسجد۔بھوج شالہ معاملہ مسلم فریق نے ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں کیا چیلنج

کمال مولا مسجد۔بھوج شالہ معاملہ مسلم فریق نے ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں کیا چیلنج

بھوپال/ایجنسیز// کمال مولا مسجد۔بھوج شالہ معاملے میں مسلم فریق نے ہائیکورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ یکم اپریل کو سماعت ہوگی جبکہ 2 اپریل سے ہائی کورٹ میں کارروائی شروع ہوگی۔ مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں واقع کمال مولا مسجد-بھوج شالہ معاملہ ایک بار پھر عدالتی بحث کا مرکز بن گیا ہے۔ مسلم فریق نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے 16 مارچ کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔ اس درخواست پر یکم اپریل کو سماعت متوقع ہے، جسے اس طویل تنازعہ میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ متنازعہ مقام کے مذہبی تشخص کے تعین کے لیے 2 اپریل سے باقاعدہ سماعت شروع کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے خود موقع کا معائنہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا، تاکہ زمینی حقائق کو براہ راست دیکھا جا سکے۔ تاہم مسلم فریق نے اس طریقہ کار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی رپورٹ پر مکمل طور پر اپنے اعتراضات درج کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔