سری نگر// ہندوستان کے روایتی ہینڈلوم ورثے کو پیش کرتے ہوئے خصوصی یوٹی سطح ہینڈ لو م ایکسپو’ ہتھ کرگھا میلہ ‘کاآج کشمیر ہاٹ نمائش گرائونڈ سری نگر میں شاندار آغاز ہوا۔ اس پروگرام کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر نے کیا ہے جبکہ اسے ڈیولپمنٹ کمشنر فار ہینڈلومز، مرکزی وزارت ٹیکسٹائل نے سپانسر کیا ہے۔یہ خصوصی ایکسپو جموں و کشمیر اور لداخ یوٹیوں کے 60 ہنر مند ہینڈلوم بُنکروں اور کاریگروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔اِس میں وہ اَپنے دستکاری کے منفرد اور خوبصورت مصنوعات براہِ راست لوگوںکے سامنے پیش کر کے فروخت کر سکتے ہیں۔ اِس کا مقصد روایتی بُنائی کی تکنیکوں کو فروغ دینا اور تحفظ فراہم کرنا نیز بُنکر کمیونٹی کی معاشی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔ایکسپو میں پشمینہ شال، کانی اور سوزنی کشیدہ کاری کے اشیاء ، کاٹن و سلک کی ساڑیاں، سٹولز، قالین، گھریلو فرنشننگ اور دیگر علاقائی کپڑوں کی نمائش کی گئی ہے جو مختلف علاقوں کی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں۔ہتھ کرگھا میلہ نہ صرف ایک تجارتی مرکز ہے بلکہ ایک ثقافتی پُل کے طور پربھی کام کرتاہے جو لوگوںمیں ہینڈلوم کی فنی اور معاشی اہمیت کے بارے میں بیداری کو اُجاگر کرتا ہے۔ یہ حکومت کی طرف سے روایتی دستکاری کے فروغ اور کاریگر کمیونٹیوںکے بااِختیار بنانے کے عزم کو اُجاگر کرتا ہے۔ چوں کہ یہ میلہ ایک مقدس تہوار کے موقعہ پر منعقد کیا گیا ہے، اس لئے بڑی تعداد میںلوگوںکی شرکت متوقع ہے۔یہ نمائش 14 دن جاری رہے گی اور 18 ؍جون 2025 ء کو اِختتام پذیر ہوگی۔ اِس کے علاوہ اس میں کرافٹ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ اور اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی کے کام کو بھی دِکھایا جائے گا۔ اِس تقریب میںسکول آف ڈیزائنز سری نگر سے تعلق رکھنے والے ماہر کاریگر اَپنے فنون اور دستکاری کا لائیو مظاہرہ بھی کریں گے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اِس موقعہ سے فائدہ اُٹھائیں اور ایک ہی چھت کے نیچے ہندوستانی ہینڈلوم کی خوبصورتی کا مشاہدہ کریں اور معیاری مصنوعات کو مناسب قیمتوں پر خریدیں۔










