سری نگر// آل کشمیر ہول سیل مٹن ڈیلرز یونین کے ایک وفد نے آج وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی سے وزیر اعلیٰ کے ’رابطہ‘ دفتر سری نگر میں ملاقات کی۔وفد نے مشیرموصوف کو کشمیر میں مویشیوں کی بہ آسانی ٹرانسپورٹیشن بالخصوص ریاست پنجاب سے گزرنے کے سلسلے میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ مویشی کمیونٹی گاڑیوں کو پنجاب میں بار بار رُکاوٹوں اور مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے وادی میں مویشیوں کی بروقت اور محفوظ فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔یونین کے ممبران نے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر حکومت اِس مسئلے کو پنجاب کی متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھائے تاکہ مویشیوں سے لدے ٹرکوں کی بلا رُکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔مشیر موصوف نے وفد کوبغور سُنا اور یقین دِلایا کہ یہ معاملہ ترجیحی بنیادوں پر پنجاب حکومت کے ساتھ اُٹھایا جائے گا اور مویشی تاجروں کے تمام جائز مسائل کو حل کیا جائے گا تاکہ سپلائی چین میں کسی قسم کی رُکاوٹ نہ آئے۔










