منظور احمد خان اور خواجہ نذیر علی کو قالین بافی اور سوزنی کڑھائی میں اعزاز سے نوازے گئے
سری نگر//دو ماسٹروں نے اپنی شہرت کے تاج میں ایک اور اعزاز کا اضافہ کرتے ہوئے مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائلز کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ ہینڈی کرافٹس زُمرے میں باوقار نیشنل ایوارڈ جیت کر کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔رعناواری سے تعلق رکھنے والے منظور احمد خان اور علمگری بازارسری نگر کے خواجہ نذیر علی کو ہاتھ سے بُنائی قالین اور سوزنی کڑھائی کے شعبے میں بہتر کارکردگی پر صدرِ جمہوریہ ہندکی جانب سے9 ؍دسمبر کو نئی دہلی کے وِگیان بھون میں نیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر کے ترجمان نے آج یہاں جاری کئے گئے ایک پریس بیان میں وزارتِ ٹیکسٹائلز کا شکریہ اَدا کیا اور دونوں ماسٹر کاریگروں کو کشمیر کی ہینڈی کرافٹس کے لئے اعزاز حاصل کرنے پر مُبارک باد پیش کی جو اَپنی نفیس ڈیزائننگ اور دلکش رنگوں کے لئے دُنیا بھر میں مشہور ہیں۔ اُنہوں نے کہا، ’’ہم اُن کی اس کامیابی پر بے حد خوش ہیں کیوں کہ اُنہوں نے سوزنی اور قالین بافی جیسے فنون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ترجمان نے ڈیولپمنٹ کمشنر( ہینڈی کرافٹس) وزراتِ ٹیکسٹائلز کے دفتر کے فیلڈ آفیسر شیخ رفیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ایوارڈ ایک توصیفی سند اور دو لاکھ روپے نقد انعام پر مشتمل ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ’’ایوارڈ یافتگان کے علاوہ دو اور کاریگروں سوزنی کشیدہ کاری میں بڈگام کی مشکورہ حمید اور پیپر ماشی میں سری نگر کے میر ارشد حسین کو خصوصی ذکر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے اور انہیں بھی وِگیان بھون کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’ منظور احمد خان جو ہاتھ سے بنے ہوئے قالین کے معروف کاریگر ہیں، کو حال ہی میں ایس کے آئی سی سی میں سال 2024 کے لئے یو ٹی ایوارڈز تقریب میں پہلا انعام دیا گیا۔اُنہوں نے جہلم ریور فرنٹ پر ’ اَپنے کاریگر کو جانیں‘ کے پہلے ایڈیشن میں بھی حصہ لیا اور جلد ہی اِنڈین انسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی سری نگر کی جانب سے کپواڑہ میں گوروششیہ ہست شلپ پرشکشن پروگرام میں بھی سرگرمی سے حصہ لیں گے۔‘‘خواجہ نذیر علی نے بھی سوزنی کڑھائی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں جس کے اعتراف میں انہیں قومی اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر مسرت اسلام نے بھی ایوارڈ یافتگان کی ستائش کی اور کہا کہ یہ اعزاز کشمیر کی مشہور ہینڈی کرافٹس اور ہینڈلومز کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا بالخصوص جنوب مشرقی ایشیا میں نئے مارکیٹوں تک رسائی میں معاون ہوگا۔محکمہ جلد ہی ایک تقریب کا اہتمام کرے گا جس میں ایوارڈ یافتگان اور وزارتِ ٹیکسٹائلز کے ڈیولپمنٹ کمشنر (ہینڈی کرافٹ) کے دفتر کی جانب سے خصوصی ذکر حاصل کرنے والوں کو بھی اعزاز دیا جائے گا۔










