اِن ہائوس اون کارڈنگ سے آئوٹ سورسنگ کے اَخراجات میں کمی اور نمدا کاریگروں کے روزگار کو تقویت
سری نگر// محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر نے کشمیری روایتی نمدا دستکاری کی بحالی کے لئے ایک بڑی پیش رفت کے طور آج میکنیکل اینڈ ہاسپٹلز اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے اون کارڈنگ مشین کے لئے کارڈ کلاتھ کی سپلائی، اِنسٹالیشن، ٹیسٹنگ اور کمیشننگ (ایس آئی ٹی سی) کے ٹھیکے کو منظوری دی۔کمیشن شدہ اون کارڈنگ مشین کی سالانہ پروسسنگ صلاحیت تقریباً 29,000 کلوگرام اون ہے۔ اِس بہتر صلاحیت سے نمدا کی روایتی دستکاری سے وابستہ مقامی ویلیو چین کو نمایاں تقویت ملنے کی توقع ہے۔ اِس سہولیت کی تنصیب سے اون کارڈنگ کے لئے آؤٹ سورسنگ پر آنے والے اخراجات میں خاطر خواہ کمی آئے گی جس سے نمدا دستکاری سے وابستہ کاریگروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔محکمہ کی طرف سے آج جاری کردہ ایک پریس بیان میں ڈِپٹی ڈائریکٹر یو این ڈِی پی مرزا شاہد علی نے کہا کہ جموں و کشمیر ہندوستان میں اُون فائبر کا دوسرا سب سے بڑا پیدا کنندہ ہے اور میرینو اون کی پیداوار میں پہلے نمبر پر ہے۔ اِس کے باوجود روایتی طور پر خام اُون کا ایک بڑا حصہ کارڈنگ کے لئے جموں و کشمیر سے باہر بھیجا جاتا رہا ہے جس کے باعث اخراجات اور تاخیر میں اضافہ ہوتا تھا۔اُنہوں نے مزید کہا،’’یہ اَقدام کم لاگت، مؤثر اور کم مشقت والا ہے اور دیرپا روزگار کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اِضافے اور کشمیر کے قیمتی دستکاری ورثے بالخصوص نمدا جس کی اس وقت بحالی ہو رہی ہے، کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘‘محکمہ نے روایتی دستکاریوں کو جدید بنیادی ڈھانچہ اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ان کی بحالی، دیرپائی اور عالمی سطح پر مسابقت کو یقینی بنایا جا سکے۔










