سری نگر، 4 فروری (یو این آئی) کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے جمعرات کو کورونا مخالف ویکیسن لینے کے بعد پولیس فورس سے بغیر کسی شک و تردد کے یہ ویکیسن لینے کی تاکید کی۔
سری نگر میں ویکسین لینے کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 16 جنوری کو ملک میں کورونا خالف ویکسین پروگرام شروع کیا اور یہ ویکسین محفوظ ہے۔
انہوں نے کہا کورونا مخالف ویکسینیشن کی مہم مرحلہ وار طریقے سے جاری ہے اور اب اس کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا ہے۔
موصوف نے کہا کہ ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کے دوران پولیس، فوج، پیرا ملٹری فورس کے علاوہ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے عہدیداروں و اہلکاروں اور منسی پلٹی اور محکمہ مال کے ملازمین کو ویکسین کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے لئے پولیس کنٹرول روم سری نگر اور دوسرے ضلع ہیڈ کوارٹروں پر ویکیسن کرنے کا بندو بست کیا گیا ہے۔










