cold wave in kashmir

کشمیر میں سردی کا زور برابر جاری، پہلگام سرد ترین جگہ

سری نگر//وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے جس سے اہلیان وادی گوناگوں مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 20 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا: ’تاہم وادی میں 21 سے 23 نومبر تک ہلکی مغربی ہوائیں داخل ہونے سے بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں‘۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کشمیر کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں پیر کے روز بھی موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔لوگوں کا کہنا ہے کہ موسم خزاں میں ہی موسم سرما جیسی سردی محسوس کی جا رہی ہے جس سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف سردی میں اضافہ دوسری طرف بجلی کی آنکھ مچولی نے شہر و گام کے لوگوں کا جینا کا دو بھر کر دیا ہے۔بتادیں کہ وادی میں ماہ گذشتہ کی 23 اور 24 تاریخ کو ہونے والی برف باری اور بارشوں سے سرما سے پہلے ہی سرما جیسی سردی محسوس کی جا رہی ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے لوگوں نے روایتی لباس ’پھیرن‘ اور کانگڑی کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔یو این آئی