سری نگر// وادی کشمیر میں جھلسانے والی گرمی کے بیچ محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر میں اگلے چند دنوں کے دوران بارشیں ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں 28 سے 31 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران جموں خطے میں دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کا بھی اندیشہ ہے کیوں وہاں وادی کے مقابلے میں زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔دریں اثنا وادی کشمیر میں منگل کو بھی سخت گرمی نے لوگوں خاص کر بچوں کو بے حال کر دیا۔گرمی سے راحت حاصل کرنے کے لئے جہاں لوگ صحت افزا مقامات کا رخ کر رہے ہیں وہیں بچوں کو ندیوں، نہروں اور دوسرے آبی ذخائر میں دن بھر نہاتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں منگل کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.6 جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 24.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے قریب 6 ڈگری سیٹی گریڈ زیادہ تھا۔وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے زائد از 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.6 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔گرمائی دارالحکومت جموں جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں زیادہ سے زیادہ درجہ 30.5 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے زیادہ تھا۔










