والدین اپنے بچوں کو گاڑیاں خصوصاً موٹر سائیکلیں فراہم کرنے میں احتیاط سے کام لیں / میر واعظ عمر فاروق
سرینگر// میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات جن میں آئے روز قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں پر شدید فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی گزشتہ روز ہی دو نوجوان لڑکے ایک ٹریفک حادثے میں اپنی جانیں گنوا بیٹھے جبکہ ایک اور نوجوان موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا ہے۔سی این آئی کے مطابق مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے والدین پر خصوصیت کے ساتھ زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو گاڑیاں خصوصاً موٹر سائیکلیں فراہم کرنے میں احتیاط سے کام لیں کیونکہ یہ بچے عموماً بہت تیز رفتارسے گاڑی چلا کر نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانیں بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔میرواعظ نے انتظامیہ پر شدید تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئے روز ریاست میں ہو رہے ٹریفک حادثات کو روکنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے خصوصاً نوجوان لڑکے جو بغیر ہیلمٹ کے تیز رفتاری کے ساتھ موٹر سائیکلیں چلا رہے ہوتے ہیں اور اکثر و بیشتر اس کے نتیجے میں یہ لوگ زخمی بھی ہو رہے ہیں اور کبھی کبھار جان لیوا حادثات بھی رونماہو رہے ہیں۔میرواعظ نے انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ ان سڑک ٹریفک حادثات کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں اس دوران میرواعظ نے کشمیر کی سکھ برادر ی کو ان کے مذہبی تہوار گرو پورب پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی سکھ برادری انتہائی مشکل حالات میں خصوصاً چھٹی سنگھ پورہ کے المناک واقعہ کے وقت بھی یہاں کی مسلم برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے اور اس طرح انہوں نے آزمائش کے مراحل میں بھی ہمارے ساتھ اپنے رشتوں کو ثابت قدمی کے ساتھ نبھایا۔میرواعظ نے امید ظاہر کی کہ کشمیر کی اکثریتی اور اقلیتی برادریوں کے درمیان روابط بڑھتے رہیں گے ۔










