سری نگر//ملک بھر کے ساتھ ساتھ کشمیر صوبے میں بھی 73ویں یوم جمہوریہ کو حب الوطنی اور جوش وجذبے کے ساتھ منانے کے لئے مختلف اَضلاع اورضلع صدر مقامات میں شاندار تقریبات کااِنعقاد کیا گیا ۔جن میں اہم سیاسی اورسماجی شخصیات کے علاوہ معروف شہریوں ،بزرگوں ،تاجروں،فنکاروں اورطلبأ وطالبات کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔یوم جمہوریہ ایک اہم قومی تہوار ہے جس کو ہر سال اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب 26 ؍جنوری 1950ء کو ہندوستان کا آئین باقاعدہ طور پر نافذ ہوا۔قومی پرچم لہرانے کی تقریب ضلع ، سب ڈویژن ، تحصیل اور بلاک سطحوں پر منعقد ہونے والی تقریبات کے تمام مقامات پر شاندار پریڈ او رمیگا ثقافتی تقریبات منعقد ہوئی ۔
اننت ناگ میں آج یہاں جی ڈی سی فار بوائز کھنہ بل میں یوم جمہوریہ کی تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جہاں چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل اننت ناگ محمد یوسف گورسی نے قومی پرچم لہرایا ،پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔سی آر پی ایف ،جموںوکشمیر پولیس ، آئی آر پی ، این سی سی اور 108بی این کے دستوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم قائدین ، مجاہدین آزادی اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔اُنہوں نے اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اعلیٰ کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں۔گورسی نے کووِڈ۔19 کی تخفیفی کوششوں کے علاوہ ضلع کی طرف سے مختلف ترجیحی شعبوں کے تحت حصولیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں تعلیم ، صحت دیکھ ریکھ ،ڈسٹرکٹ کیپکس ،زراعت اور اس سے منسلک شعبے ، خواتین او رنوجوانوں کو بااِختیار بنانا، منریگا ، جے جے ایم ، پانی اور بجلی کی فراہمی ، آنگن واڑی مراکز اور سکولوں ، دیہی ترقی ، میکڈامائزیشن اور سڑک رابطے ، سماجی بہبود نشامکت بھارت ، صنعت ، خود روزگار اور پائیدار اثاثوں کی تخلیق شامل ہیں۔اِس موقعہ پر ضلع کے طلباء او رفن کاروں کی جانب سے حب الوطنی کے موضوعات پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی ، پی ڈی ایس جے ، ڈی آئی جی ایس کے آر ، ایس ایس پی ، ڈی ڈی سی ممبران ، صدر اہم سی اے ، اے ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی چیئرپرسن ، آرمی ، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی فورسز کے اَفسران ، اے ڈی سی ، اے ایس جے ، سی اِی او ، اے سی پی ، اے سی آر، سی ایم او او ردیگر اَفسران ، سابق وزراء اور قانون ساز اور لوگ موجود تھے۔یو م جمہوریہ کی تقریبا ت بی ڈسٹرکٹ کورٹ میں منعقد ہوئیں جس کی صدارت پرنسپل سیشن جج اننت ناگ ، سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ، کمیونٹی ڈیولپمنٹ بلاکس اور دیگر مختلف عوامی دفاتر شامل ہیں۔
بارہمولہ میں اِس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ ملک تمام محاذوں پر ترقی کر رہا ہے اور بارہمولہ ضلع بھی اِس سے مستثنیٰ نہیں ہے ۔ چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمںٹ کونسل بارہمولہ سفینہ بیگ نے آج کہا کہ ضلع آج ایک ایسپریشنل ضلع اور ملک میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے ولاے ضلع کے طور پر پہنچانا جاتا ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام شعبوں میں اَپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کو ضلع کی ترقی میں شامل کیا جائے ۔چیئرپرسن نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بارہمولہ میں 73 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب 2022ء کے موقعہ پر کیا جہاں اُنہوں نے قومی پرچم لہرانے کے علاوہ پریڈکا معائینہ کیا او رمارچ پاسٹ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ جموںوکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طلباء کے دستے نے پیش کیا۔چیئرپرسن نے ضلع کی طرف سے شعبہ وار حصولیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ضلع نے سڑک رابطے کے حوالے سے ایک قابل ذکر کامیابی کا مظاہرہ کیا اور عوام کی آسانی کے لئے نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔چیئرپرسن نے یہ بھی کہا کہ کووِڈ۔19 وبائی مرض کے پھیلائو پر کافی حد تک قابو پایا گیا ہے جو کہ ضلعی اِنتظامیہ کی لگن اور جوش و جذبے سے ممکن ہوا۔سفینہ بیگ نے یوٹی انتظامیہ کی طرف سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں شروع کیا گیا ’’مشن یوتھ‘‘ ایک خوش آئند قدم ہے اور اس سلسلے میں بارہمولہ ضلع میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی آئی جی نارتھ کشمیر ادے بھاسکر بھلہ ، پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بارہمولہ محمد یوسف وانی ، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار ، ایس ایس پی بارہمولہ ، رئیس محمد بٹ ، ڈی ڈی سی ممبران ، چیئرپرسن بی ڈی سی ، ایم سی صدور ، سربراہان کے علاوہ لوگوں اور طلباء کے ایک بہت بڑے اِجتماع نے ان کی بھرپور شرکت کا مشاہدہ کیا۔دریں اثنا، اس موقعہ پر مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جس میں خطے کے ثقافتی تنوع اور ورثے کی عکاسی کی گئی۔
بڈگام میں 73واں یوم جمہوریہ آج پورے ضلع میں جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا جس میں ڈی ڈی سی چیئرمین بڈگام نذیر احمد خان نے بطور مہمان خصوصی قومی پرچم لہرایا اور سپورٹس سٹیڈیم بڈگام میں مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈز، این سی سی کیڈٹس کے علاوہ تعلیمی اِداروں کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ پریڈ میں حصہ لیا۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم خان ، اے ڈی ڈی سی بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک ، اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد لون ، اے ایس پی گوہر احمد ، جی ایم ڈی آئی سی ڈاکٹر محمد اشرف ، ضلعی اَفسران اور فوج ، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے اَفسران بھی موجو دتھے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نذیر احمد خان نے اَپنے خطاب میں عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارک باد پیش کی اور ہندوستانی آئین کا مسودہ تیار کرنے پر قائدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے وبائی امراض کے دوران کووڈ واریئریروں کی بے لوث کوششوں کی بھی تعریف کی اور سال کے دوران کئے گئے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر مختلف فن کاروں اور سکولی بچوں نے مختلف رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کئے جن میں روف ، لڑی شاہ ، حب الوطنی کے گیت ، بانگڑہ حاضرین کے دِل موہ لئے گئے۔تقریب تقسیم اَنعامات کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس میں مختلف محکموں کے اَفسران و ملازمین کو ان کی عمدہ کارکردگی سے نوازا گیا۔یوم جمہوریہ کی تقریبات بھی ضلع بڈگام میں سب ڈویڑنل، بلاک اور تحصیل سطح پر منعقد کی گئیں۔
گاندربل میںضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن گاندربل نزہت اشفاق نے قمریہ گرائونڈ گاندربل میں منعقد ہ 73 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقعہ پر پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور قومی پرچم لہرایا ۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے گاندربل کے لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اَپنے خطاب میں یوم جمہوریہ کی تقریب کی اہمیت کی تعریف کی اور 73ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر فلاحی سکیموں کی عمل آوری کے علاوہ ضلع میں مختلف شعبوں میں ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے درج کی گئی مختلف ترقیاتی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔اس کے علاوہ مختلف محکموں کے تحت کئی دیگر منصوبوں پر بھی کام زور و شور سے جاری ہے جن میں پل، ہیلتھ سینٹرز اور بس اڈہ شامل ہیں جو 12 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرکئے گئے ہیں۔اَپنی تقریب میں محترمہ نزہت نے بیک ٹو وِلیج پروگرام اور مائی ٹائون مائی پرائیڈ اقدام کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع گاندربل نے مرکزی معاونت والی سکیموں کی عمل آوری میں نمایاں کام کیا ہے۔اُنہوں نے ضلع میں کووِڈ وبائی مرض پر قابو پانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ کووِڈ کی تیسری لہر کے خطرے سے بچنے کے لئے کووِڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔تقریب کا اختتام مارچ پاسٹ اور ثقافتی پروگراموں میں حصہ لینے والے طلباء اور دستوں میں انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔اس تقریب میں ایس ایس پی گاندربل، صدر میونسپل کونسل گاندربل، اے ڈی ڈی سی، اے ڈی سی، اے ایس پی، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسن، میونسپل کونسلروں کے علاوہ پولیس اور ضلع انتظامیہ کے مختلف افسران اور اہلکار موجود تھے۔اس دوران ضلع کے تمام بلاکس میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
پلوامہ میں73 ویں یوم جمہوریہ کو منانے کے لئے آج ڈی پی ایل پلوامہ میں ایک عظیم الشان تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جہاں چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل پلوامہ سیّد عبدالباری نے قومی پرچم لہرایا او رسی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے پی خواتین وِنگ، کمانڈو پالاٹو ، جے کے اے پی ، فائر اینڈ ایمرجنسی ، ہوم گارڈ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس دستہ اور بینڈ سکارڈ کے دستوں پر مشتمل پریڈ کی سلامی لی۔ اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پلوامہ ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز، ایس پی پلوامہ غلام جیلانی کے علاوہ تمام ضلعی سول، پولیس افسران، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی ممبران، پی آر آئی ممبران اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اپنے خطاب میں چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ کے ہر شہری کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ کے ذریعہ شروع کئے گئے گڈ گورننس انڈکس کے تحت ضلع کو کشمیر ڈویڑن میں نمبر 1 ضلع کے طور پر درجہ دیا گیا ہے۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ضلع کیپیکس بجٹ میں 407.82 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جو 2020-21 کے ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ سے تین گنا زیادہ ہے۔اس موقعہ پر محکمہ اطلاعات، ڈی وائی ایس اینڈ ایس کے فنکاروں نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے جس میں گیت، خاکے،چھکری اورلڑی شاہ شامل ہیں۔دریں اثناء اَفسران،ملازمین، اداروں اور افراد کو عوامی خدمات، تعلیمی، کھیل، فنون، ادب اور سماجی خدمات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نوازا گیا۔اسی طرح کی تقریب ڈی پی ایل اونتی پورہ میں منعقد ہوئی جہاں متعلقہ چیئرمین میونسپل کونسل اونتی پورہ بلال احمد نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس اور مختلف سرکاری دفاتر، سکولوں اور کالجوں میں قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔
شوپیان میں آج 73 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) شوپیاں میں منائی گئی جہاں ڈی ڈی سی چیئرپرسن بلقیس جان نے ترنگا لہرایا اور سی آر پی ایف، جے کے پی، آئی آر پی، فارسٹ پروٹیکشن پولیس، ہوم گارڈز، سکولی بچوں کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اِس موقعہ پر شوپیاں کے ضلع مجسٹریٹ سچن کمار واشیا’’مہمان خصوصی‘‘ تھے۔تقریب میں ڈی ڈی سی ممبران، سرپنچوں پنچوں کے علاوہ ضلع انتظامیہ، پولیس، سی آر پی ایف کے سینئر افسران، سماج کے سرکردہ افراد، سماجی کارکنان اور سیاسی قائدین نے شرکت کی۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے شوپیان کے لوگوں کو یوم جمہوریہ کے موقعہ پر مبارکباد دی اور سبھی سے آئینی اقدار اور اخلاقیات کو برقرار رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔محکمہ اطلاعات اور مختلف تعلیمی اداروں کے سکولوں کے بچوں کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جس میں حب الوطنی کے گیت اور موسیقی پیش کی گئی ۔جس سے سامعین او حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔یوم جمہوریہ کی تقریبات ضلع کے سب ڈسٹرکٹ، تحصیل اور بلاک ہیڈ کوارٹر میں بھی منعقد کی گئیں۔قومی پرچم لہرانے کی تقریب ضلع، سب ڈویڑن، تحصیل اور بلاک کی سطحوں پر منعقد ہونے والی تقریبات کے تمام مقامات پر شاندار پریڈ اور میگا ثقافتی تقریبات کے درمیان منعقد ہوئی۔ہر بلاک کی سطح پر متعلقہ چیئرپرسنوں نے قومی پرچم لہرایا۔
کولگام میں 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کولگام میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل محمد افضل پرے نے قومی پرچم لہرایا اور سی آر پی ایف،جے کے پی، جے کے پی لیڈیز پولیس گروپ، ہوم گارڈ، تازہ بھرتی ہونے والے، این سی سی کیڈٹس وغیرہ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن شازیہ جان، ڈی ڈی سی ممبران، ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، ایس ایس پی ڈاکٹر جی وی سندیپ، بی ڈی سی، صدر میونسپل کونسل، کمانڈنٹ سی آر پی ایف 18ویں بٹالین کے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ کے افسران اور لوگوں نے پروگرام میں شرکت کی۔چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کے موقعہ پر عوام کو مبارکباد دی اور اس دن کی اہمیت اور تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کووِڈ۔19 وبائی مرض سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے ضلع کی ترقیاتی پروفائل دیتے ہوئے زراعت، باغبانی، آر ڈی ڈی، آر اینڈ بی، صحت، سماجی بہبود، وائی ایس اینڈ ایس، پی ایچ ای اور دیگر محکموں میں درج کی گئی حصولیابیوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر متعدد ثقافتی پروگرام اور میوزیکل سیشنوں کا انعقاد بھی کیا گیا جس سے حاضرین محظوظ ہوئے۔بعد میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران،ملازمین، ماہرین تعلیم، کھیلوں کے افراد اور پولیس اہلکاروںکی تعریف کی گئی۔اس دوران ضلع کولگام میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس دوران کورٹ کمپلیکس، بلاکوں، تحصیلوں، پنچایتوں، پولیس سٹیشنوں، میونسپلٹی، سکولوں اور دیگر تمام اداروں میں قومی پرچم لہرایا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے منی سیکرٹریٹ میں قومی پرچم بھی لہرایا۔ اُنہوں نے اس دن کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور لوگوں کو مبارکباد دی۔اِنچارج پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کولگام سوم لال نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کولگام میں قومی پرچم لہرایا جہاں ضلع کولگام کے تمام جوڈیشل افسران ،سٹاف ممبران اور ضلع کے بار ممبران موجود تھے۔
کپواڑہ ضلع میںیوم جمہوریہ روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنزکپواڑہ میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل عرفان سلطان پنڈت پوری نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائینہ کیا اور جے کے پی ، جے کے اے پی ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، ہوم گارڈز ، ایف پی ایف اور پولیس بینڈ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تقریب میں وائس چیئرمین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر؛ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپواڑہ تسلیم عارف، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ امام الدین، ضلع انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بشمول ایس ایس پی کپواڑہ یوگل منہاس،اے ڈی ڈی سی الطاف احمد خان، اے ڈی سی کپواڑہ غلام نبی بٹ، ضلعی افسران، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسنوں اور پی آر آئی کے علاوہ عوام الناس اور میڈیا اَفراد نے شرکت کی۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوم جمہوریہ کے موقعہ پر عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین کی عظیم اقدار کی وجہ سے دور دراز کے ضلع کپواڑہ میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین درجے پنچایتی راج نظام نے پورے ضلع میں ترقی کی پہل کی ہے۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے پر روشنی ڈالی اور پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کیپکس بجٹ گذشتہ سال کے 255.59 کروڑ روپے سے 3 گنا بڑھا کر رواں مالی سال کے لئے 782.9 کروڑ روپے کیاگیا ہے جس کے مقابلے میں 16656 لاکھ روپے اب تک خرچ کئے جا چکے ہیں اور رواں سال کے ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ کے تحت 2226 کاموں کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے پہلی اور دوسری لہر کے کووِڈ۔ 19 وبائی امراض کا مقابلہ کرنے میں انتھک کام کرنے کے لئے محکموں کی ستائش کی اور ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام الدین کی رہنمائی میں کام کرنے والے تمام افسران کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر مختلف سکولوں، تعلیمی اداروں اور فنکاروں کی نمائندگی کرنے والے سکولی بچوں کی جانب سے متعدد کثیر لسانی ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔بعد میں معززین نے انتظامیہ کے افسران اور اہلکاروں میں توصیفی اسناد اور ایوارڈز تقسیم کئے۔ہندواڑہ میں یوم جمہوریہ کی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ہندواڑہ میں بھی منعقد کی گئی جہاں صدر میونسپل کمیٹی ہندواڑہ مسرور احمد بانڈے نے قومی پرچم لہرایا، پریڈ کا معائنہ کیا اور جے کے پی ، جے کے اے پی ، بی ایس ایف، سی آر پی ایف ، آئی آرپی اور پولیس بینڈ کے دستوں کی طرف سے پیش کئے گئے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر ایس پی ہندواڑہ سندیپ گپتا، سول انتظامیہ، محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔بعد میں ثقافتی پروگرام اور ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوئی۔کرناہ میں سرحدی علاقے ٹنگڈار میں بھی یوم جمہوریہ منایا گیا جہاں ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر نے قومی پرچم لہرایا۔ ثقافتی پروگرام بھی منعقد کئے گئے۔اس دوران پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کپواڑہ تسلیم عارف نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کپواڑہ میں قومی پرچم لہرایا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (پی او) فاسٹ ٹریک کورٹ کپواڑہ، چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ہندواڑہ، سب جج کپواڑہ، سیکرٹری ڈی ایل ایس اے کپواڑہ، سپیشل موبائل مجسٹریٹ تریہگام، منصف کپواڑہ، منصف ہنڈواڑہ، منصف سوگام، منصف کرالپورہ نے شرکت کی۔
بانڈی پورہ میں73ویں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب ایس کے سٹیڈیم بانڈی پورہ میں منعقد ہوئی جہاں چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل عبدالغنی بٹ نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد، وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی کونسلر شفیق، اے ڈی ڈی سی علی افسر خان، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، سول انتظامیہ، پولیس اور فوج کے افسران کے علاوہ پنچایت راج اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔سی آر پی ایف، جے کے پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی کیڈٹٹوں کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا اور مختلف سکولوں کے طلباء نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا۔ ڈی ڈی سی چیئرمین نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ضلع میں درج حصولیابیوں پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میںکووِڈ۔19وبائی امراض کے بڑے چیلنجوں کے باوجود ضلع میں بڑی ترقیاتی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے متحد ہو کر وبائی چیلنجوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور وبائی مرض سے نمٹنے میں مدد کرنے کے لئے فرنٹ لائن کارکنوں کی کوششوں کو سراہنے کے ساتھ ساتھ وبائی مرض سے نمٹنے میں عوام کے تعاون کو سراہا۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے کہا کہ رواں مالی سال ضلع کے لئے کامیابیوں کا سال رہا ہے کیونکہ بانڈی پورہ کو حیدرآباد، تلنگانہ میں منعقدہ 24ویں قومی کانفرنس برائے ای۔گورننس کے دوران ای۔گورننس کا قومی ایوارڈ ملا ہے۔انہوں نے مارشل آرٹسٹ اور مشہور کھلاڑی فیصل علی ڈار کا بھی خصوصی تذکرہ کیا جنہیں مرکزی حکومت نے یوم جمہوریہ کے موقعہ پر پدم شری سے نوازا ہے۔بعدمیں طلباء نے کئی ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہوں نے حاضرین کو محظوظ کیا ۔پروگرام کے اختتام پر کووڈ واریئریروں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرکاری افسران اور ملازمین، میڈیا اَفراد اور طلباء کو اعزاز سے نوازا گیا۔ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ علی افسر خان نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں ترنگا لہرایا۔ اس موقعہ پر ضلع کے تمام سینئر افسران اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔اسی طرح کے پروگرام ضلع بھر میں سب ڈویڑنل سطح پر گریز اور سنبل میں بھی منعقد کئے گئے جس میں مہمان خصوصی نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔تمام ہائی سکولوں، ہائیر سیکنڈری سکولوں، ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ، ڈگری کالجوں، سرکاری دفاتر، پنچایت گھر اور میونسپل عمارتوں میں بھی قومی جھنڈا لہرایا گیا۔ گریز میں شدید برف باری مقامی لوگوں کو گھر کے اندر رہنے سے نہیں روک سکی لیکن فوج کے ساتھ یوم جمہوریہ منانے کے لئے بڑی تعداد میں آئے۔










