کشمیر سے امداد پر ایران کا شکریہ، سفارتخانے کا جذباتی پیغام

کشمیر سے امداد پر ایران کا شکریہ، سفارتخانے کا جذباتی پیغام

بچوں اور بزرگوں کی قربانیاں، انسانیت کی روشن مثال قرار

سرینگر// یو این ایس// ایرانی سفارتخانہ نے کشمیر سمیت پورے بھارت کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ انسانی ہمدردی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام کی جانب سے دکھائی گئی محبت، تعاون اور ہمدردی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جذبہ انسانیت کی ایک روشن مثال ہے۔یو این ایس کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے پیغام میں سفارتخانے نے لکھا’’‘ہم دل کی گہرائیوں سے کشمیر کے مہربان لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایرانی عوام کے ساتھ اپنی انسانی ہمدردی اور خلوص کا اظہار کیا۔ یہ محبت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ شکریہ بھارت۔‘‘سفارتخانے نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ایک کمسن کشمیری بچی سفید لباس اور گلابی اسکارف میں ملبوس اپنی ‘‘بگھور’’ (گلک) ایران کے لیے عطیہ کرتی نظر آتی ہے۔ اس معصومانہ عمل کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیری بچے بھی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ایک اور ویڈیو میں ایک بزرگ خاتون کو دکھایا گیا ہے جو اپنے مرحوم شوہر کی یادگار کے طور پر سنبھال کر رکھا گیا سونا 28 سال بعد ایرانی عوام کے لیے عطیہ کر رہی ہیں۔ اس موقع پر خاتون آبدیدہ بھی ہو گئیں۔سفارتخانے نے اس جذبے کو سراہتے ہوئے کہا’’آپ کے آنسو اور خالص جذبات ایرانی عوام کے لیے سب سے بڑا سہارا ہیں اور یہ کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے۔ شکریہ کشمیر، شکریہ بھارت۔‘‘