گورو کی آٹھویں برسی پر کہیں مکمل تو کہیں جزوی ہڑتال
سری نگر، 9 فروری (یو این آئی) وادی کشمیر میں منگل کے روز محمد افضل گورو کی آٹھویں برسی کے موقع پر کہیں مکمل تو کہیں جزوی ہڑتال رہی جس سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔
بتادیں کہ محمد افضل گورو کو سنہ 2001ء کے پارلیمنٹ حملہ کیس میں مجرم قرار دیکر 9 فروری 2013ء کو دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی اور پھانسی کے بعد ان کے جسد خاکی کو جیل کے احاطے میں ہی سپرد خاک کیا گیا تھا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جہاں سری نگر کے پائین و بالائی علاقوں کے بازاروں میں ہڑتال کی وجہ سے دن بھر الو بولتے رہے اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی جزوی نقل و حمل جاری رہی وہیں شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھی جزوی ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔
سینئر و بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی کے مبینہ ٹوئٹر ہینڈل پر ہڑتال کی کال دی گئی تھی اور لوگوں سے کہا گیا تھا کہ وہ 9 فروری اور 11 فروری کو مکمل ہڑتال کریں۔
واضح رہے کہ 11 فروری 1984 کو کالعدم تنظیم لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ کو تہاڑ جیل میں ہی پھانسی دی گئی تھی اور وہیں دفن بھی کیا گیا تھا۔
وادی میں علیحدگی پسند تنظیمیں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کی باقیات کی واپسی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ سری نگر کے عیدگاہ علاقہ میں واقع تاریخی مزار شہداء میں دو قبریں افضل گورو اور مقبول بٹ کی باقیات کے لئے خالی رکھی گئی ہیں۔
یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے منگل کو سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت کے پائین و بالائی علاقوں کے بازار بند ہیں اور سڑکوں پر گاڑیوں کی جزوی نقل و حمل ہی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا اور سیول لائنز کے تجارتی مرکز لالچوک میں کئی مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے ناکے لگائے تھے جہاں وہ نجی گاڑیوں کی تلاشی کر رہے تھے۔
سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد کے دونوں دروازے مقفل رہے اور جامع مارکیٹ میں بھی سناٹا ہی چھایا رہا۔
جامع مسجد حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق کا گڑھ مانا جاتا ہے۔
شہر خاص کے نالہ مار، زینہ کدل، نواح کدل اور دیگر علاقوں میں بھی ہڑتال کی وجہ سے بازاروں میں الو بولتے رہے اور سڑکوں پر اکا دکا گاڑیوں کو ہی چلتے ہوئے دیکھا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور جو افضل گورو کا آبائی علاقہ ہے، میں بھی جزوی ہڑتال رہی۔ دکانوں کو بند دیکھا گیا جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جزوی طور ہی جاری دیکھی گئی۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھی جزوی ہڑتال کی اطلاعات ہیں جبکہ وادی کے بعض حصوں میں معمولی نوعیت کے ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یو این آئی
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
Priority
09UDR9
JK MEHBOOBA BJP ELECTIONS
بی جے پی نے ڈی ڈی سی انتخابات میں دھاندلیاں کرکے جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی: محبوبہ مفتی
سری نگر،9 فروری (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ڈی ڈی سی انتخابات میں دھاندلیاں کرکے جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ڈی ڈی سی چیئرمین شپ نتائج پر کوئی حیرت نہیں ہے کیونکہ ڈی ڈی سی ممبران کو خریدنے اور دھمکانے کے لئے دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ انتظامیہ اورپولیس کے اعلیٰ افسروں نے یہاں کے لوگوں کے منڈیٹ کی خلاف ورزی کرنے کی ذمہ داری خود سنبھالی ہے۔
موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا: ’یہ بات بہت ہی افسوس ناک ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسروں نے لوگوں کے منڈیٹ کی خلاف ورزی کرنے کی ذمہ داری خود سنبھالی ہوئی ہے۔ بی جے پی نے دفعہ 370 منسوخ کرکے انسانیت اور جمہوریت کا قتل کیا تھا اور اب ڈی ڈی سی انتخابات میں دھاندلیاں کرکے انہوں نے جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے‘۔
دوسرے ٹویٹ میں محبوبہ مفتی کا کہنا ہے: ’واجپائی جی کے انسانیت، کشمیریت اور جمہوریت کے نظریے کے لئے بہت کچھ کیا گیا۔ مجھے ڈی ڈی سی چیئرمین شپ نتائج پر قطعی حیرت نہیں ہے کیونکہ ڈی ڈی سی ممبروں کو خریدنے اور دھمکانے کے لئے دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا‘۔
یو این آئی
،،،،،،،،،،،،،،،،،،
Priority
09UDR3
JK KASHMIR WEATHER IMPROVEMENT
کشمیر: دن اور رات کے درجہ حرارت میں بہتری سے لوگوں کو راحت نصیب
سری نگر،9 فروری (یو این آئی) وادی کشمیر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو راحت نصیب ہو رہی ہے اور معمولات زندگی اپنی رفتار پکڑنے لگے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں پیر کو 42 دنوں کے بعد دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے جس سے لوگوں کو راحت نصیب ہو رہی ہے۔
دریں اثنا متعلقہ محکمے کے پیش گوئی کے مطابق وادی میں 15 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
وادی میں منگل کے روز موسم خشک رہا اور دن میں دھوپ بھی چھائی رہی اور ہلکی دھوپ سے لوگوں کو دکانوں کے تھڑوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
موسم میں بہتری واقع ہو نے کے ساتھ ہی معمولات زندگی اپنی رفتار پکڑنے لگے ہیں اور کارباروی سرگرمیاں بھی صبح کے وقت سویرے سے ہی شروع ہونے لگی ہیں نیزلوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
محمکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 13.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا










