ایس کے آئی سی سی میں رَن فار ڈیموکریسی ، سائیکل ریلی اور شکارا ریلی میں پُر جوش شرکت کا مظاہرہ
سری نگر//کشمیر کے سینکڑوں نوجوان جوش و جذبے کے ساتھ جمع ہوئے، ووٹنگ کی اہمیت کو فروغ دینے اور جمہوریت پر اَپنے اعتماد کا اِظہار کیا۔ طلبأ نے ایس وِی اِی اِی پی کے تحت ایس کے آئی سی سی میں رن فار ڈیموکریسی ، سائیکل ریلی اور شکارا ریلی جیسے متعدد پروگراموں میں حصہ لیا۔چیف الیکشن کمشنر آف اِنڈیا راجیو کمار نے الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر ایس ایس سندھو کے ساتھ ایس وِی اِی اِی پی کی ان سرگرمیوں کا اِفتتاح کیا۔سی اِی سی نے رائے دہندگان کی بیداری اور اِندراج کے ایک حصے کے طور پر الیکشن کمشنروں کے ساتھ سائیکل ریلی کی قیادت کی۔ الیکشن کمیشن جموں و کشمیر میں انتخابی فہرستوں کی دوسری خصوصی نظر ثانی کررہا ہے ۔اِس تقریب میںچیف سیکرٹری اَتل ڈولو، چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر پی کے پولے، ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔جمہوریت کے ویژن سے روشناس نوجوانوں اور لڑکیوں دونوں نے ان تین مقابلوں میں زبردست شرکت کا مظاہرہ کیا جس نے ڈل جھیل کے ایس کے آئی سی سی اور بیک واٹرز کو جمہوریت کے رونقوں سے جگمگادیا ۔اُنہوں نے جمہوری عمل میں حصہ لینے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پر نوجوانوں نے ’’ہم قابل فخر ووٹر ہیں‘‘ کے نعرے لگائے اور وادی میں جمہوریت کے سفیر بننے کا عہد کیا۔ اس سے جمہوری عمل میں ان کے اعتماد اور جمہوریت کو مضبوط بنانے، اپنے دوستوں، ساتھیوں، ہم جماعتوں اور عام لوگوں کو اِنتخابی شرکت کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنے کے عزم کو واضح کیا گیا۔اعلیٰ جذبہ رکھنے والے اہل نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اپنے اپنے علاقوں کی ووٹر لسٹوں میں اپنا اندراج کرنے اور اپنے ہم عمر گروپوں کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی یقین دہانی کی۔چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنروں نے جمہوریت کا پیغام پھیلانے اور حق رائے دہی کے قابل قدر اِستعمال کی اہمیت پر شرکأ کی سراہنا کی۔










