ہر شہری کو بھارت میں کہیں بھی کام کرنے کا حق حاصل// اشوک کول
سرینگر// یو این ایس//بی جے پی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے جمعہ کو اترکھنڈ میں ایک نابالغ کشمیری شال فروش پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک اور غلط ہے۔ کول نے کہا کہ ہر شہری کو ملک میں کہیں بھی سفر کرنے اور کاروبار کرنے کا حق حاصل ہے۔یو این ایس کے مطابق بی جے پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پہلے ہی اس واقعے کی مذمت کی ہے اور پارٹی بھی اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔کول نے کہا’’ہمارا ملک ایک ہے اور ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے بھی اترکھنڈ کے اپنے ہم منصب سے بات کی ہے اور پارٹی نے اپنے ریاستی یونٹ کے ذریعے بھی اس معاملے کو اٹھایا ہے۔اشوک کول نے جموں کے علیحدہ ریاست بنانے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر کو ایک مکمل اکائی کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا: “کوئی ایسی تجویز نہیں ہے۔ یہ صرف چند افراد کی رائے تھی۔ ہمارے قومی جنرل سیکریٹری نے پہلے ہی بیان جاری کر کے واضح کر دیا ہے کہ جموں و کشمیر ایک ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ’’ہم اس کا حصہ نہیں بننے دیں گے اور نہ ہی اسے دو حصوں میں تقسیم ہونے دیا جائے گا۔‘‘










