kashmiri women heart transplant

کشمیری خاتون شہزادی فاطمہ کا چنئی میں کامیاب ہارٹ ٹرنسپلانٹ ہوا

تمل ناڈو کی راجدھانی چنئی کے ایک اسپتال کے ڈاکٹروں نے دل کی انتہائی سنگین بیماری کے سبب حرکت قلب بند ہو جانے سے زندگی اور موت کے درمیان معلق ایک کشمیری خاتون کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ کرکے اسے ایک نئی زندگی دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق کشمیری خاتون شہزادی فاطمہ کے دل کی پیوند کاری کامیابی سے ہوئی ہے اور انہیں آئی سی یو میں وینٹی لیٹر سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ شہزادی اس وقت ٹرانسپلانٹ آئی سی یو میں سرجری سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور ان کی حالت بھی مستحکم ہے۔شہزادی جو دل کے شدید عارضے کی وجہ سے موت کے دہانے پر تھی، آج صحت یاب ہو رہی ہے۔
شہزادی کشمیر کے ایک انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی ہے جو دل کی ایک بہت سنگین بیماری میں مبتلا تھی۔ اس بیماری میں دل کے مختلف حصوں کی دیواریں موٹی ہونے لگتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے پھیلنے اور سکڑنے کا عمل رک جاتا ہے اور نتیجہ موت کی صورت میں نکلتا ہے۔ایشوریہ ٹرسٹ نے اس انتہائی غریب کشمیری خاتون کے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی پہل کی۔
شہزادی کے علاج کے اخراجات برداشت کرنے والی تنظیم ایشوریہ ٹرسٹ کی بانی چترا وشواناتھن نے بتایا کہ شہزادی اپنے بھائی کے ساتھ رہتی ہے جو بہت غریب ہے۔ ان کی جان لیوا بیماری اور علاج کروانے میں ناکامی کے بارے میں معلومات ملنے کے بعد ٹرسٹ نے ان کی مدد کے لیے پہل کی۔ یوم جمہوریہ، 26 جنوری کا دن شہزادی کے لیے بہت خوشی کا دن تھا۔ ہماری تنظیم اس کی جان بچانے کی مہم میں لگی ہوئی تھی اور آج ہماری محنت کامیاب ہوئی ہے، شہزادی اب اپنی نئی زندگی کی تیاری کر رہی ہے۔