10 lakh kasona returned to Hyderabad tourist

کشمیری تویراڈرائیور کی ایمانداری وامانت داری

پہلگام//سیاحتی مقام پہلگام کے ایک تویرا ڈرائیورنے ایمانداری وامانت داری کاعملی ثبوت فراہم کرتے ہوئے حیدر آباد کے ایک سیاح کو10لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات لوٹا دئیے ۔جے کے این ایس کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں منگل کو ایک ڈرائیور نے حیدرآباد کے ایک سیاح کو 10 لاکھ روپے کا سونا واپس کیا۔ صدر ٹیکسی اسٹینڈ موویرا پہلگام عبدالرشید وانی نے بتایا کہ ایک تویرا ڈرائیور آکاش فاروق وانی نے حیدرآباد کے ایک سیاح کو10 لاکھ روپے کا سونا واپس کیا، جو پہلگام کے دورے پر تھا اور وہ اسے پیرکے روز آکاش کی گاڑی میں سفر کے دوران بھول گیاتھا۔انہوں نے کہا کہ سیاح نے پہلے ہی ٹیکسی سٹینڈ کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ گاڑی میں سونا بھول گیا ہے۔عبدالرشید وانی نے کہا کہ جب ہم نے ڈرائیور آکاش فاروق وانی کو اطلاع دی تو اُس نے اپنی گاڑی کی تلاشی لی اور سونا ملا اور وہ سیاح کو واپس کر دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد کا سیاح سونا لینے سری نگر ایئرپورٹ سے واپس آیا تھا۔اس دوران سیاحوں نے ڈرائیور آکاش فاروق وانی کوکھویا ہوا سونا واپس کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیاجبکہ صدر ٹیکسی اسٹینڈ موویرا پہلگام عبدالرشید وانی اور دیگرساتھیوںنے پھولوںکے ہار پہناکر آکاش فاروق وانی کی عزت افزائی کی ۔