کشتواڑ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر لیفٹنٹ گورنر مغموم

سری نگر//جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کشتواڑ میں ہوئے جانی ومالی نقصان پرسخت صدمہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہرممکنہ مدداورتعاون کی یقین دہانی کرائی ۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے ایک ٹویٹ میں جانکاری دی کہ انہوں نے بادل پھٹنے کے بعدکشتواڑ میں پیداہوئی سیلابی صورتحال کے بارے میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کیساتھ فون پر بات کی ،اوراُنھیں صورتحال کے بارے میں جانکاری دی ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی وزیرداخلہ نے اسبات کی یقین دہانی کرائی کہ مرکزی سرکار کشتواڑ میں پیداشدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے جموں وکشمیرکی حکومت کوہرممکنہ مدداورتعاون فراہم کرتی رہے گی ۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ٹویٹ میں لکھاکہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے مجھے یقین دلایاکہ مرکز مدد اورمکمل تعاون دیتی رہے گی ۔ منوج سنہا نے کشتواڑ میں ہوئے جانی ومالی نقصان پرسخت صدمہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں بچائو کارروائیاں جنگی پیمانے پرشروع کردی گئی ہیں ،اوراس کام میں این ڈی آر ایف ،ایس ڈی آرایف ،پولیس ،سیول انتظامیہ اورفوج بھی پیش پیش ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں سے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کوکشتواڑ کے ہونجر گائوں بھیجا گیااور2ٹیموں کوتیاری کی حالت میں رکھاگیا ہے جبکہ این ڈی آرایف کی ایک ٹیم پنجاب سے یہاں پہنچی اورسبھی بچائو ٹیموں نے یہاں باہمی تال میل سے زخمیوں کواسپتال پہنچانے اورلاپتہ ہوئے افرادکی تلاش کاکام جاری رکھا ہے ۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ بچائو ٹیموں کی کوشش ہے کہ سیلابی ریلوں کی زدمیں آکر زخمی ہونے والے افراد کوجلد سے جلد اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ فوری علاج سے اُن کی زندگیوںکوبچایا جاسکے ۔