کشتواڑ’کلائوڈبرسٹ ‘متاثرین کی بازآبادی عمل میں لائی جائے گی

جان ومال کابھاری نقصان ایک المیہ،حکومت سے جوکچھ بن پائے گا،وہ ضرور کرے گی:لیفٹنٹ گورنر

سری نگر//جموںوکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کوکہاکہ ضلع کشتواڑ کے ہنزردھچن کے کلائوڈبرسٹ متاثرین کی بازآبادی عمل میں لائی جائے گی ۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ایک میڈیا گروپ کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ بدھ کے روز بادل پھٹنے کے بعدپیداہوئی سیلابی صورتحال کے دوران ضلع کشتواڑکے ہنزردھچن گائوں میں جوشہری لاپتہ ہوئے ہیں ،اُنکی تلاش کاکام بڑے پیمانے پرجاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ لاپتہ افرادکی تلاش کی مہم میں پولیس وفوج کے علاوہ ایس ڈی آرایف اوراین ڈی آرایف کی ٹیمیں لگی ہوئی ہیں ۔منوج سنہا کاکہناتھاکہ جموں اورسری نگرسے ایس ڈی آرایف کی ٹیموں کوکشتواڑ کے متاثرہ علاقوں میںپہنچادیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ بادل پھٹنے کے بعدپیداہوئی خوفناک صورتحال کے نتیجے میں جان ومال کابھاری نقصان ہونا ایک المیہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک انتہائی دردناک اوردکھ بھرا حادثہ ہے،جس میں تاحال7انسانی جانیں تلف ہوئیں اورمتعددافراد زخمی ہوگئے ۔لیفٹنٹ گورنر نے کہاکہ حکومت نے کشتواڑ میں المناک بادل پھٹنے سے اَپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے لوگوں کے لواحقین کیلئے فی کس5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا،اور شدید زخمی اَفراد کو فی کس50ہزار روپے اور ایس ڈی آر ایف کے تحت12700 روپے بھی دئیے جائیںگے۔انہوں نے کہاکہ ایس ڈی آر ایف کے تحت گھروں، برتنوں ، لباس ، گھریلو سامان ، مویشیوں ، مویشیوں کے شیڈ ، زرعی اراضی کا نقصان وغیرہ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ مہیاکریں گے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ جموںوکشمیر کی حکومت متاثرہ کنبوں کی مدد اور ان کی حفاظت کے لئے ہرممکن کوشش کرے گی ۔انہوں نے جمعرات کوکہاکہ کشتواڑ کلائوڈ برسٹ متاثرہ کنبوں کی بازآبادکاری کیلئے ہرممکن کوشش کی جائیگی ۔منوج سنہا نے کہاکہ قدرتی آفت کے شکار ہوئے لوگوں کی بازآبادکاری کیلئے حکومت سے جوکچھ بن پائے گا،وہ ضرور کرے گی ،تاکہ متاثرہ گائوں کے لوگ پھرسے معمول کی زندگی گزارسکیں ۔