سرینگر / /جنوبی کشمیر ضلع شوپیان میںکریچ پتھری سڑک کی حالت انتہائی خستہ حال ہے جبکہ سڑک کے بیچوں بیچ پُل کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک میں ایسے کھڈ اور خندق ہوئے ہیںجس سے لوگوں کا عبور ومرور مشکل بن گیا ہے جبکہ گاڑیوں کی آمدورفت کے دوران ڈرائیوروں اور مسافروں کو کافی دشواریوں سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑیاں اس سڑک پرچلتے ہوئے ہچکولے کھاتی رہتی ہیں جس سے ہر وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آنے کا خطرہ رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے بیچوں بیچ رمبیارمیں پُل کی عدم دستیابی کے نتیجے میں اس علاقے کے رابطے منقطع ہوئے ہیں اور کسی بھی وقت کوئی دلدوز حادثہ پیش آسکتا ہے اور اس پُل کی عدم دستیابی لوگوں کے مال وجان کیلئے بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کافی اہمیت حامل ہے لیکن اس کی تجدید ومرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کی نوٹس میں متعدد بار معاملہ لایا گیا تاہم کافی یقین دہانیوں کے باجود بھی کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھائے گئے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ آر اینڈ بی کے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سڑک اور اس کے بیچ پُُل کی تعمیراور تجدید ومرمت کیلئے فوری طور ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کے مشکلات کاازالہ ہوسکے اور کوئی جانی ومالی نقصان پیش نہ آجائے ۔










