کپواڑہ کے مچل کے قریب آئل ٹینکر گہری کھائی میں گرنے سے دو ہلاک، ایک زخمی
سرینگر//سرحدی ضلع کپوارہ میں ایک آئل ٹینکر گہری کھائی میں گرنے سے دو افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ ایک زخمی ہوا ہے ۔ ادھر کریری بارہمولہ میں ایک بارہویں جماعت کا طالب علم مبینہ طور پر دل کا دوہ پڑنے سے فوت ہوا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابقشمالی کشمیر کے بارہمولہ کے تھندیما کریری علاقے میں اتوار کی صبح 12ویں جماعت کے طالب علم کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ایک نوجوان لڑکا، جو 12ویں جماعت کا طالب علم تھا، اپنے گھر میں اچانک سینے اور سر میں شدید درد کی شکایت کرنے پر اسے اس کی رہائش گاہ سے ایس ڈی ایچ کریری منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس کی شناخت فرقان حبیب خان ولد حبیب اللہ خان ساکن تھیندیما کریری بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔ان کی اچانک موت کی خبر پھیلتے ہی پورا علاقہ سوگوار ہو گیا اور لواحقین سے دلی تعزیت کے لیے لوگ ان کے گھر پہنچ گئے۔دریں اثناء شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں ہفتہ کی دیر رات ایک آئل ٹینکر کے سڑک سے پھسل کر ایک گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم دو لوگوں کی موت ہو گئی، اور ایک زخمی ہو گیا۔ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک آئل ٹینکر جس کا رجسٹریشن نمبر JK02DG 9805 تھا، کپواڑہ سے جا رہا تھا، سڑک سے پھسل کر ماچل کے قریب گہری کھائی میں جا گرا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے میں دو افراد ہلاک، جب کہ ایک زخمی ہوا۔ بعد میں ان کی شناخت جسبیر سنگھ ولد غریب سنگھ ساکن بلشامہ سندربنی راجوری اور انکش چودھری ولد پرمجیت ساکن نوشہرہ کے طور پر ہوئی۔ زخمی شخص کی شناخت انو شرما ولد سنت لال شرما ساکن سندربنی ضلع راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔اس کے علاوہ، انہوں نے مزید کہا کہ دونوں لاشوں کو طبی قانونی کارروائیوں کے لئے ایس ڈی ایچ کپوارہ منتقل کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔










