کرگل// ٹیکسی آپریٹرس اینڈ آنرس کوآپریٹو یونین کرگل کا دعویٰ ہے کہ ان کی گاڑیوں کو باقاعدہ اجازت نامہ حاصل ہونے کے باجود بھی ضلع لیہہ میں چلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔یونین کے صدر محمد ابراہیم نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ این ایچ پی سی لمیٹڈ کو ہم نے بیس گاڑیاں کرایہ پر دی تھیں لیکن جب وہ لیہہ پہنچ گئیں تو وہاں ٹیکسی یونین لیہہ ان کو چلنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لداخ کی اندرونی سڑکوں پر چلنا ہمارا آئینی حق ہے اور اس کے لئے ہمارے پاس باقاعدہ اجازت نامہ بھی ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مداخلت کرنے کی اپیل کی تاکہ ان کا یہ مسئلہ حل ہو سکے۔دریں اثنا ضلع کرگل کے معروف سماجی کارکن اور سابق صحافی سجاد کرگلی نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس مسئلے پر سوال اٹھایا ہے۔ان کا اپنے ٹویٹ میں کہنا ہے: ‘کرگل کی گاڑیوں کو باقاعدہ اجازت نامہ حاصل ہونے کے باوجود بھی ضلع لیہہ کی سڑکوں پر چلنے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی ہے، افسوس، ہم ریاست سے محروم ہو گئے ورنہ ان ٹیکسی آپریٹرس کو پورے جموں و کشمیر میں چلنے کی اجازت ہوتی تھی اور اب ان کی نقل و حمل ضلع کرگل تک ہی محدود ہو کے رہ گئی ہے۔










