سرینگر / /سرحدی علاقہ کرناہ ٹنگڈار کے بیشتر دیہات میں موبائیل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کی سروس کافی حد تک متاثر ہے جس کے نتیجے میں عام صارفین کو مشکلات کے علاوہ زیر تعلیم بچوں کی تعلیم بُری طرح متاثر ہورہی ہے ۔اس سلسلے میں علاقہ کے موبائیل صارفین نےبتایا کہ مذکورہ علاقہ کے بیشتر دیہات بشمول نیچیاں ،نیچیاں ٹاپ ،حاجی ناڑ ،باغ بیلا ،شمس پورہ ،نڈون اور گومل میں بھارت سنچار نگم لمٹیڈ( بی ایس این ایل )کی موبائیل سروس مکمل طور معطل ہے جبکہ آئرٹیل اور جی او کی سروس بھی کافی حد تک متاثر ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں فون اور انٹرنیٹ زندگی کی اہم ضرورت بنی ہوئی ہے لیکن ان علاقوں میں سروس نہ ہونے کے برابر ہے ۔انہوں نے کہا کہ فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے باعث آپسی رابطے منقطع ہوئے ہیں جبکہ تجارتی سرگرمیاں بھی اثرانداز ہوچکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ گذشتہ دو برسوں سے بچوں کی تعلیم کیلئے آن لائن کلاسز کا رواج عام ہے لیکن ان علاقوں میں فون اور انٹرنیٹ سروس نہ ہونے کی وجہ سے زیر تعلیم طلبہ کی تعلیم بُری متاثر ہوئی ہے جس سے ان کے والدین کافی فکر مند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ نے بچوں کے کلاسز دئے ہیں لیکن فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے وہ کلاس لینے سے قاصر رہ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب ان کا امتحانات میں شامل ہونا بھی ممکن بن گیا ہے کیونکہ وہ متواتر طور سیلبس پورا کرنے سے فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات نہ ہونے سے قاصر رہیں گے ۔اس سلسلے میں انہوں نے جی او،ائرٹیل اور بی ایس این ایل کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقہ کے ان دیہات میں فون اور انٹرنیٹ سروس کو بحال کرنے کیلئے فوری طور ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ صارفین کے مشکلات کاازالہ ہوسکے اور زیر تعلیم بچوں کی تعلیم مزید متاثر ہونے سے بچ سکے ۔ (کے پی ایس)










