کرشنا ڈابہ مالک کے فرزند آکاش مہرہ کی موت پر اپنی پارٹی کا اظہار ِ دکھ اُمید ہے کہ انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے گی:محمد اشرف میر

سرینگر، فروری 28//اپنی پارٹی صوبائی صدر محمد اشرف میر نے اتوار کے روز سونہ وار میں کرشنا ڈھابہ کے مالک راجیش مہرہ کے فرزند آکاش مہرہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جوکہ 17فروری کو جنگجوانہ حملہ میں زخمی ہوا تھا اور زخموں کی تاپ نہ لاتے ہوئے بالآخر زندگی کی جنگ ہار گیا۔ محمد اشرف میر نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت اِس بہیمانہ حملہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور سوگوار کنبہ کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ”امن دشمن عناصر نے ہمیشہ جموں وکشمیر میں معصوموں کا ہمیشہ خون بہایا ہے۔ موت کے اِس سلسلہ نے ہمارے سماج میں بہت تباہی وبربادی کی ہے اور اِس عمل کو اب ختم کرنے کی ضرورت ہے“۔میر نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ”میں دعا کرتا ہوں کہ آکاش مہرہ کی روح کو شانتی ملے اور غمزدہ کنبہ کو یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا ہو، مجھے اُمید ہے کہ انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور قصور واروں کو کیفر ِ کردار تک پہنچایاجائے گا۔