سردیوں کی تعطیلات میں عملے کی کمی دور کرنے کے لیے ریشنلائزیشن کا اعلان
سرینگر/وی او آئی//ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نصیر احمد وانی نے کہا ہے کہ کرائے کی عمارتوں میں چلنے والے اسکولوں کو مرحلہ وار سرکاری عمارتوں میں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات سوپور کے دورے کے دوران کہی جہاں وہ جاری بورڈ امتحانات کی نگرانی کر رہے تھے۔ وانی نے کہا کہ محکمہ پہلے ہی زمین سے متعلق مسائل حل کرنے کے اقدامات کر رہا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ چیف ایجوکیشن افسران سے رپورٹیں طلب کی جائیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کرائے کے سکولوں کو جلد سرکاری عمارتوں میں منتقل کر کے فعال بنایا جائے گا۔ عملے کی کمی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر نے اعتراف کیا کہ چند مقامات پر یہ مسئلہ موجود ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ا?ئندہ سردیوں کی تعطیلات کے دوران عملے کی ریشنلائزیشن کی جائے گی تاکہ ہر اسکول میں مناسب تعداد میں اساتذہ دستیاب ہوں۔ ان کا سوپور کا دورہ امتحانات کے پرامن انعقاد اور انفراسٹرکچر و انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا۔










