ریاستی حیثیت کی بحالی جموں و کشمیر اور قومی مفاد دونوں کے لیے ضروری ۔ طارق قرہ
سرینگر//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر، طارق حمیدقرہ نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے پارٹی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ خطے اور قوم دونوں کے لیے بہت اہم ہے۔طارق قرہ نے روشنی ڈالی کہ کانگریس پارٹی نے نہ صرف جموں بلکہ راجوری جیسے دیگر حصوں میں بھی اس مسئلے کو مسلسل اٹھایا ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد سے ریاست کا مطالبہ پارٹی کی ترجیح رہا ہے۔قرہ نے کہاکہ ریاست کی بحالی نہ صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے اہم ہے بلکہ یہ قومی مفاد میں بھی ہے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کو حل کرنے میں مرکزی حکومت کی ہچکچاہٹ پر تشویش کا اظہار کیا، سوال کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور حکومت اس عمل کو آگے کیوں نہیں بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہم نے بارہا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو اس اہم مسئلے کے بارے میں یاد دہانی کرائی ہے، اس کے باوجود کوئی واضح کارروائی نہیں ہوئی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے زور لگاتی رہے گی اور اسے جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایک ضروری قدم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کانگریس خطے کے مکمل سیاسی اور آئینی حقوق کی بھرپور وکالت کرتی رہی ہے۔










