کامن ویلتھ گیمز ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں روایتی حریف بھارت نے اہم میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔پاکستان کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، ندا ڈار کی جگہ کائنات امتیاز کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔‘اے پی پی کے مطابق’ برمنگھم میں پاکستان اور بھارت کی وویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ خراب موسم کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، جسے 18 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔پاکستانی خواتین ٹیم مقررہ 18 اوورز میں 99 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، منیبہ علی 32 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔اور عالیہ ریاض 18، کپتان بسمہ معروف 17، ارم جاوید صفر، عمیمہ سہیل 10، فاطمہ ثناء 8، ڈیانا بیگ صفر، عائشہ نسیم 10، طوبیٰ حسن ایک اور کائنات امتیاز 2 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئیں۔بھارت کی سنیہ رانا اور رادھا یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے 100 رنز کا ہدف 11.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔بھارت کی جانب سے اوپنگ بلے باز سمتری مندھانہ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بھارت نے پاکستان کو ہرا کر 2 قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ 3 اگست کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔










