ڈینگی کے زیادہ کیسوںپرکنٹرول کیلئے جموں و کشمیر سمیت 9 ریاستوںاور مرکزی علاقوں میں اعلیٰ سطحی ٹیمیں روانہ

ڈینگی کے زیادہ کیسوںپرکنٹرول کیلئے جموں و کشمیر سمیت 9 ریاستوںاور مرکزی علاقوں میں اعلیٰ سطحی ٹیمیں روانہ

سری نگر//مرکزی سرکار نے کوروناوائرس کے چلتے ڈینگی کے زیادہ کیسوںپر قابو پانے کیلئے جموں و کشمیر سمیت 9 ریاستوںاور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اعلیٰ سطحی طبی ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق نئی دہلی میں مرکزی وزارت صحت کے عہدیداروں نے کہا کہ ڈینگی کے موثر کنٹرول اور انتظام کیلئے صحت عامہ کے اقدامات میں ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں کی مدد کرنیکیلئے مرکزی ٹیمیں روانہ کردی گئیں۔انہوںنے بتایاکہ مرکزی وزارت صحت نے اعلیٰ سطحی ٹیموں کو جموں و کشمیر سمیت 9 ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں روانہ کیا ہے، جہاں ڈینگی کے کیس زیادہ ہیں، تاکہ ان ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈینگی کے کنٹرول اور انتظام کے لئے صحت عامہ کے اقدامات میں مدد کی جا سکے۔میڈیارپورٹس کے مطابق، مرکزی ٹیموںکوروانہ کرنے کااقدام یکم نومبر 2021 کو دہلی میں ڈینگو کی صورتحال پر جائزہ میٹنگ کے دوران صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کی ہدایات کے مطابق ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے عہدیداروں نے کہاکہ 9 ریاستیںاور مرکز کے زیر انتظام علاقے ہریانہ، کیرالہ، پنجاب، راجستھان، تمل ناڈو، اتر پردیش، اتراکھنڈ، دہلی اور جموں و کشمیر ہیں،جہاں اعلیٰ سطحی ٹیمیں صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے روانہ کی گئیں ہیں۔مذکورہ عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مرکزی وزیر صحت نے وزارت صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام ریاستوںاور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈینگو کے زیادہ کیس پرقابوپانے میں مدد کریں۔خیال رہے ملک بھر میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ڈینگو کے کل ایک لاکھ16ہزار991 کیس رپورٹ ہو ئے ہیں۔