Javed Rana

ڈیلی ویجروں کو باقاعدہ بنانے کی پالیسی زیر غور ہے ۔ وزیر جل شکتی

سری نگر//وزیر برائے محکمہ جل شکتی جاوید احمد رانا نے کہا کہ ڈیلی ویجروں کو باقاعدہ بنانے کی پالیسی زیر غور ہے۔وزیر موصوف ایوان میں ممبر اسمبلی ڈاکٹر سجاد شفیع کے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ میں متعدد فیلڈ ملازمین کی سبکدوشی کے باعث عملے کی کمی واقع ہوئی ہے۔وزیر جاوید رانا نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اِی سب ڈویژن اوڑی میں اسسٹنٹ لائن مین کے 125 ملازمین تعینات ہیںجبکہ لائن مین کی صرف آٹھ اَسامیاں خالی ہیں۔تاہم، اُنہوں نے کہا کہ عوام کو پانی کی باقاعدہ فراہمی اور واٹر سپلائی سکیموں( ڈبلیو ایس ایس) کی مسلسل کارکردگی و مینی ٹیننس کو یقینی بنانے کے لئے عبوری اِنتظامات کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے وضاحت کی کہ دستیاب اَفرادی قوت بشمول مستقل ملازمین اور ڈیلی ویجروں کی اندرونی تعیناتی کے ذریعے یہ کام جاری رکھا جا رہا ہے جب تک کہ خالی اسامیاں باضابطہ بھرتی، پروموشن یا محکمانہ اصولوں کے مطابق دوبارہ تعیناتی کے ذریعے پُر نہیں کی جاتیں۔