کپواڑہ//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کپواڑہ آیوشی سوڈان کی صدارت میں آج ڈی سی آفس کمپلیکس کے منی میٹنگ ہال میں ضلع میں آنے والے لوک سبھا اِنتخابات کے لئے پولنگ سٹیشنوں کی تیاریوں کی پیش فت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے نوڈل آفیسر ویلفیئر، اے سی ڈی کپواڑہ اور بی ڈی اوز سے پولنگ سٹیشنوں پر کئے جانے والے اِنتظامات، ان کی رسائی اور اے ایم ایف کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے نوڈل آفیسر پولنگ سٹیشنزاور بی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ وہ پولنگ سٹیشنوں کی چیکنگ کریں تاکہ تمام 607 نامزد پولنگ سٹیشنوں پر بجلی، پانی کی فراہمی، ریمپ اور فعال بیت الخلاء کی سہولیات سمیت تمام ضروری سہولیات کو یقینی بنایا جاسکے اور پولنگ عملے اور سیکورٹی اہلکاروں کے لئے پولنگ کے دِن تمام فلاحی اَقدامات کئے جائیں۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ پولنگ کے دِن آنگن واڑی کارکناں اور آشا کارکن خواتین رائے دہندگان کی قطار کے انتظام کا خیال رکھیں گے۔اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اے ایم ایف پر توجہ دیں اور بیمار ووٹروں، پی ڈبلیو ڈی ووٹروں، بزرگوں اور خواتین کے لئے اضافی کرسیوں اور سایہ کی سہولیات کا اِنتظام کریں۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے بی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے ہر اسمبلی حلقہ میں چند ماڈل پولنگ سٹیشنوں کو ماڈل پولنگ سٹیشن کے طور پر شناخت کریں اور کچھ اِختراعی سرگرمیاں، خوبصورتی، مقامی روایتی نمونوں کی نمائش کریں تاکہ یہ پولنگ سٹیشن پولنگ کے دِن ایک جشن کا منظر پیش کریں اور ضلع کو پذیرائی ملے۔میٹنگ میں سپیشل نوڈل آفیسر الیکشن سمیر جان ، نوڈل آفیسر ویلفیئر حکیم تنویر، اے سی ڈی کپواڑہ محمد مظفر،سی ایم او کپواڑہ ڈاکٹر رمضان، بی ڈی اوز کے علاوہ دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔










